HomeQuranHadithMizanVideosBooksBlogs
Homepage
Author: Rehan Ahmed Yusufi

Please login for Bookmark , Comment or Highlight

پیش لفظ

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اس دنیا میں انسان کو دی گئی سب سے بڑی نعمت زندگی ہے۔ بدقسمتی سے آج کا انسان زندگی گزارنے کے صحیح ڈھنگ سے آگاہ نہیں۔خدا کے پیغمبر ہر دور میں انسان کو یہی بتانے آئے ہیں کہ اسے کس طرح جینا چاہیے۔انسان چونکہ ایک فکری مخلوق ہے اس لیے پیغمبر انسانوں کی فکری اساسات کی درستگی پر زور دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انسان اصلاََ ایک اخلاقی وجود ہے جسے اس مادی دنیا میں آزمائش کی غرض سے بھیجا گیا ہے۔اس زندگی کے دوران میں خدا انسان کو آزماتا ہے کہ وہ کس طرح حیوانی جذبات، مادی خواہشات اور شیطانی ترغیبات کے مقابلے پر اپنے اخلاقی وجود کی حفاظت کرتا اور اسے آلودگیوں سے پاک رکھتا ہے۔ جو لوگ اس امتحان میں کامیاب ہوں گے ان کا ٹھکانہ ابدی جنت اور جو لوگ ناکام ہوں گے ان کا انجام جہنم کی آگ ہوگی۔جس شخص کو جینے کی یہ اساسات معلوم ہوں وہ بلاشبہ دنیا اور آخرت دونوں میں کامیاب ہوگا۔ مگر ہمیشہ کی طرح آج کا انسان بھی زندگی کی ان بنیادی اساسات کو بھول چکا ہے۔

چنانچہ اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ پیغمبروں کی دی ہوئی ان فکری اساسات کو آج کے اسلوب میں لوگوں کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ ہمیں پیغمبروں کی تعلیمات کے مطابق جینے کا ڈھنگ آجائے۔اسی جذبے کے تحت پیشِ نظر مجموعہ شائع کیا جارہا ہے۔ یہ میرے ان مضامین پر مشتمل ہے جو مختلف اوقات میں ماہنامہ اشراق میں شائع ہوتے رہے ہیں۔ ان میں مشترک بات یہی ہے کہ یہ انسان کو زندگی گزارنے کی درست فکری اساسات فراہم کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس حقیر کاوش کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

ریحان احمد یوسفی

۳ اپریل ، ۳۰۰۲

________

B