HomeQuranHadithMizanVideosBooksBlogs
مصنف : ڈاکٹر وسیم مفتی

مہاجرین حبشہ (۳۰)

حضرت سعید بن عبد قیس رضی اللہ عنہ

اختلاف اسما

حضرت سعید بن عبد قیس رضی اللہ عنہ مكہ میں پیدا ہوئے۔ ان كا تعلق قریش كی شاخ بنو فہر سے تھا ، جو ان كے ساتویں جد فہر بن مالك سے منسوب ہے۔حضرت سعید اور ان كے والد كے ناموں میں بہت اختلاف كیا گیا ہے۔ابن اسحاق اور ابن ہشام نے انھیں سعد كے نام سےپكارا ہے۔ ابن سعد،ابن عبدالبر اور ابن اثیر نے ان كے والد كا نام عبد بن قیس   لكھا ہے۔ ایك شاذ روایت میں ان كا نام عبید بن قیس بتایا گیاہے۔حضرت حارث بن عبد قیس اور حضرت نافع بن عبد قیس حضرت  سعید بن عبدقیس كے بھائی اور مراكش و افریقہ كے فاتح  عقبہ بن نافع ان كے بھتیجے تھے۔

 ملت اسلامیہ میں شمولیت

وادی بطحا میں اسلام كا سورج طلوع ہوا تو حضرت سعید بن عبد قیس فوراً ایمان لے آئے۔

 راه دین میں ہجرت

حضرت سعید بن عبد قیس نےحبشہ كی طرف ہجرت ثانیہ میں حصہ لیا۔ابن اسحاق نے حبشہ ہجرت كرنے والے اصحاب رسول كی جو فہرست مرتب كی ہے، وہ نامكمل ہے۔اس میں بنوحارث بن فہر كے اصحاب حضرت سعید بن عبد قیس، حضرت حارث بن عبد قیس اور حضرت عیاض بن زہیر كے نام شمار نہیں كیے گئے۔ ان كے خوشہ چیں ابن ہشام نے اس فہرست كی تكمیل كی۔

دیار نبی میں آمد

حضرت سعیدبن عبد قیس جنگ خندق تك حبشہ میں مقیم رہے اور حضرت جعفر بن ابو طالب كی واپسی سے پہلے دیار نبی پہنچ گئے۔ عازمین حبشہ كی فہرست كے برعكس ابن  اسحاق كی حبشہ سے لوٹنے والے صحابہ كی فہرست جامع ہے۔انھوں نے حضرت سعد(سعید)بن قیس كو صحابہ كے اس زمرے میں شامل كیا ہے جو حبشہ سے مكہ جانے كے بجاے براه راست مدینہ آئے۔ان كی واپسی جنگ بدر كے بعد ہوئی ، وه ۷ھ میں شاه نجاشی كی فراہم كردہ كشتیوں میں لوٹنے والے  مہاجرین كے آخری قافلے سے پہلے مدینہ  پہنچے۔ ابن سعد نے خیال ظاہر كیا ہے كہ حضرت سعید بن عبدبن قیس حضرت جعفر بن ابو طالب كی قیادت میں سفر كرنے والےاس قافلے كے ہم راه مدینہ آئے۔

مطالعۂ مزید: السیرة النبویۃ (ابن اسحاق)،السیرة النبویۃ(ابن ہشام)،السیرة النبویۃ (ابن كثیر )، الطبقات الکبریٰ (ابن سعد)، انساب الاشراف (بلاذری)،المنتظم فی تواریخ الملوک والامم (ابن جوزی)، اسد الغابۃ فی معرفۃ الصحابۃ(ابن اثیر)، الاصابۃ فی تمییز الصحابۃ(ابن حجر)۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــ

B