غامدی صاحب کے تصور سنت پر یہ اعتراض بھی کیا گیا ہے کہ اُنھوں نے اپنی کتاب ’’میزان‘‘ میں سنت کی تعیین کے جو اصول قائم کیے ہیں ، بعض اطلاقات میں خود اُن کی خلاف ورزی کی ہے۔ چنانچہ مثال کے طور پر اُنھوں نے بیان کیا ہے کہ ’’وہ چیزیں جو محض بیان فطرت کے طور پر آئی ہیں، وہ بھی سنت نہیں ہیں۔‘‘ اِس اصول سے انحراف کرتے ہوئے اُنھوں نے بعض فطری امور، مثلاً بدن کی صفائی سے متعلق احکام کو سنت میں شامل کر رکھا ہے۔ اسی طرح وہ تواتر اور اجماع سے ثابت امور کو اصولاً سنت مانتے ہیں، جب کہ ڈاڑھی اور سر کے دوپٹے کو اِس معیار پر پورا اترنے کے باوجود سنت تسلیم نہیں کرتے۔
یہ تنقید غامدی صاحب کی تصنیف ’’میزان‘‘ کے متعلقہ مباحث کے سوء فہم پر مبنی ہے۔ بدن کی صفائی کے فطری احکام کو سنن میں شامل کرنے اور ڈاڑھی اور دوپٹے کو سنن میں شامل نہ کرنے کی مذکورہ مثالیں غامدی صاحب کے بیان کردہ اصولوں کے عین مطابق ہیں۔ اِن میں سے کسی چیز کے لیے بھی ’ ’اپنے ہی تصور سنت سے انحراف‘‘ کا عنوان قائم نہیں کیا جا سکتا۔
’’میزان‘‘ کے مقدمے ’’اصول و مبادی‘‘ میں انھوں نے ’’مبادی تدبر سنت‘‘ کے زیر عنوان سنت کی تعیین کے اصولوں میں پہلا اصول یہ بیان کیا ہے کہ’’ سنت صرف وہی چیز ہو سکتی ہے جو اپنی نوعیت کے لحاظ سے دین ہو۔‘‘ اِس کے معنی یہ ہیں کہ وہ اعمال جن کا نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے صدور محض عرف و عادت کی بنا پر ہوا ہے، اُنھیں سنت سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا ۔ ڈاڑھی اپنی نوعیت کے لحاظ سے دین نہیں ہے۔ یہ مردوں کی عمومی وضع ہے جسے وہ رنگ و نسل ، ملک و ملت اور دین و مذہب کے امتیاز کے بغیر ہمیشہ سے اختیار کرتے رہے ہیں۔ اِس اعتبار سے اس کی حیثیت مردوں کے ایک عمومی شعار کی ہے۔نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اِسے اختیار کیا،مگر آپ نے اِسے دین کی حیثیت سے جاری نہیں فرمایا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ مقام و مرتبہ ، بلا شبہ حاصل تھا کہ آپ اِس طرح کے کسی شعار کو اُس کی عمومی سطح سے اٹھا کر دین کا جزو لازم بنا دیتے۔ آپ اگر ڈاڑھی کو یہ حیثیت دے دیتے تو لاریب، یہ ایک سنت ہوتی اور کسی مسلمان کے لیے اِس سے انحراف کی کوئی گنجایش نہ ہوتی، لیکن نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے چونکہ اِسے یہ حیثیت نہیں دی ، اِس لیے اِسے سنن میں شمار نہیں کیا جاسکتا۔ جہاں تک روایتوں میں مذکور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ڈاڑھی بڑھانے اور مونچھیں چھوٹی رکھنے کی ہدایت کا تعلق ہے تو اُس کے بارے میں غامدی صاحب کا موقف یہ ہے کہ یہ درحقیقت متکبرانہ وضع ترک کردینے کی ایک نصیحت ہے۔ لوگوں نے اِسے غلط فہمی سے ڈاڑھی بڑھانے کا حکم تصورکر لیا ہے۔اپنی کتاب ’’مقامات‘‘ میں انھوں نے ڈاڑھی کے بارے میں اپنے موقف کی وضاحت اِن الفاظ میں کی ہے:
’’ ڈاڑھی مرد رکھتے رہے ہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ڈاڑھی رکھی ہوئی تھی۔ آپ کے ماننے والوں میں سے کوئی شخص اگر آپ کے ساتھ تعلق خاطر کے اظہار کے لیے یا آپ کی اتباع کے شوق میں ڈاڑھی رکھتا ہے تو اِسے باعث سعادت سمجھنا چاہیے، لیکن یہ دین کا کوئی حکم نہیں ہے۔ لہٰذا کوئی شخص اگر ڈاڑھی نہیں رکھتا تو ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ وہ کسی فرض و واجب کا تارک ہے یا اُس نے کسی حرام یا ممنوع فعل کا ارتکاب کیا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اِس معاملے میں جو کچھ فرمایا ہے، وہ ڈاڑھی رکھنے کی ہدایت نہیں ہے، بلکہ اِس بات کی ممانعت ہے کہ ڈاڑھی اور مونچھیں رکھنے کی کوئی ایسی وضع اختیار نہیں کرنی چاہیے جو متکبرانہ ہو۔ تکبر ایک بڑا جرم ہے۔ یہ انسان کی چال ڈھال، گفتگو ، وضع قطع ، لباس اور نشست و برخاست، ہر چیز میں نمایاں ہوتا ہے۔ یہی معاملہ ڈاڑھی اور مونچھوں کا بھی ہے۔ بعض لوگ ڈاڑھی مونڈتے ہیں یا چھوٹی رکھتے ہیں، لیکن مونچھیں بہت بڑھا لیتے ہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اِسے پسند نہیں کیا اور اِس طرح کے لوگوں کو ہدایت فرمائی ہے کہ متکبرین کی وضع اختیار نہ کریں۔ وہ اگر بڑھانا چاہتے ہیں تو ڈاڑھی بڑھا لیں، مگر مونچھیں ہرحال میں چھوٹی رکھیں*۔ انبیا علیہم السلام کے ذریعے سے جو ہدایت انسان کو ملی ہے، اُس کا موضوع عبادات ہیں، تطہیر بدن ہے،تطہیر خورونوش اور تطہیر اخلاق ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ فرمایا ہے، تطہیر اخلاق کے مقصد سے فرمایا ہے۔ ڈاڑھی سے متعلق آپ کی نصیحت کا صحیح محل یہی تھا، مگر لوگوں نے اِسے ڈاڑھی بڑھانے کا حکم سمجھا اور اِس طرح ایک ایسی چیز دین میں داخل کر دی جو اِس سے کسی طرح متعلق نہیں ہو سکتی۔ ‘‘(۲۹۵ -۲۹۶)
جہاں تک بدن کی صفائی سے متعلق فطری احکام کو سنن میں شامل کرنے کا تعلق ہے تو بلا شبہ، غامدی صاحب نے یہ بات بطور اصول بیان کی ہے کہ ’’وہ چیزیں جو محض بیان فطرت کے طور پر آئی ہیں، وہ بھی سنت نہیں ہیں‘‘ ،لیکن اِس کے ساتھ ساتھ اُنھوں نے اِس میں یہ استثنا بھی بیان کیا ہے کہ ’’الاّ یہ کہ انبیا علیہم السلام نے اُن میں سے کسی چیز کو اٹھا کر دین کا لازمی جز بنا دیا ہو۔‘‘ چنانچہ مونچھیں پست رکھنے، زیر ناف کے بال مونڈنے، بغل کے بال صاف کرنے، بڑھے ہوئے ناخن کاٹنے ، لڑکوں کا ختنہ کرنے اور اِس جیسے دوسرے بدن کی صفائی سے متعلق اعمال کو اُنھوں نے اِسی بنا پر اور اِسی تصریح کے ساتھ سنن کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ لکھتے ہیں:
’’یہ پانچوں چیزیں آداب کے قبیل سے ہیں ۔بڑی بڑی مونچھیں انسان کی ہیئت میں ایک نوعیت کا متکبرانہ تاثر پیدا کرتی ہیں ۔پھر کھانے اور پینے کی اشیا منہ میں ڈالتے ہوئے اُن سے آلودہ بھی ہو جاتی ہیں ۔ بڑھے ہوئے ناخن میل کچیل کو اپنے اندرسمیٹنے کے علاوہ درندوں کے ساتھ مشابہت کا تاثر نمایاں کرتے ہیں ۔ چنانچہ ہدایت کی گئی کہ مونچھیں پست ہوں اور بڑھے ہوئے ناخن کاٹ دیے جائیں ۔ باقی سب چیزیں بدن کی طہارت کے لیے ضروری ہیں ۔نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو اِن کا اِس قدر اہتمام تھا کہ اِن میں سے بعض کے لیے آپ نے وقت کی تحدید فرمائی ہے ۔سیدنا انس کی روایت ہے:
وقت لنا في قص الشارب وتقلیم الأظفار ونتف الإبط وحلق العانة أن لا نترک أکثر من أربعین لیلة. (مسلم، رقم ۵۹۹)
’’ہمارے لیے مونچھیں اور ناخن کاٹنے ، بغل کے بال صاف کرنے اور زیر ناف کے بال مونڈنے کا وقت مقرر کیا گیا کہ اُن پرچالیس دن سے زیادہ نہیں گزرنے چاہییں۔‘‘
زمانۂ بعثت سے پہلے بھی عرب بالعموم اِن پر عمل پیرا تھےج* ۔ یہ سنن فطرت ہیں جنھیں انبیا علیہم السلام نے تزکیہ و تطہیر کے لیے اِن کی اہمیت کے پیش نظر دین کا لازمی جز بنا دیا ہے ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے :
الفطرة خمس: الختان والاستحداد وقص الشارب وتقليم الأظفار ونتف الاٰباط.(بخاری،رقم۵۸۹۱)
’’پانچ چیزیں فطرت میں سے ہیں: ختنہ کرنا، زیر ناف کے بال مونڈنا،مونچھیں پست رکھنا، بڑھے ہوئے ناخن کاٹنا اور بغلوں کے بال صاف کرنا۔‘‘ ‘‘(میزان ۶۴۴)
خواتین کے لیے سر کے دوپٹے کو غامدی صاحب قرآن مجید کی سورۂ نور (۲۴) کی آیات ۳۱ اور ۶۰و[1]کے تحت ایک مستحب عمل قرار دیتے ہیں اور اِس اعتبار سے اِس کی دینی حیثیت کو پوری طرح تسلیم کرتے ہیں، تاہم اِسے وہ سنت سے تعبیر نہیں کرتے۔ اِس کا سبب یہ ہے کہ اُن کے نزدیک کسی ایسی چیزکو سنت قرار نہیں دیا جا سکتا جس کی ابتداپیغمبر کے بجاے قرآن مجید سے ہوئی ہو۔اُنھوں نے بیان کیا ہے:
’’...کسی چیز کا حکم اگر اصلاً قرآن پر مبنی ہے اور پیغمبر نے اُس کی وضاحت فرمائی ہے یا اُس پر طابق النعل بالنعل عمل کیا ہے تو پیغمبر کے اِس قول و فعل کو ہم سنت نہیں ،بلکہ قرآن کی تفہیم وتبیین اور اسوۂ حسنہ سے تعبیر کریں گے ۔سنت صرف اُنھی چیزوں کو کہا جائے گا جو اصلاً پیغمبر کے قول و فعل اور تقریر و تصویب پر مبنی ہیں اور اُنھیں قرآن کے کسی حکم پر عمل یا اُس کی تفہیم و تبیین قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ ‘‘ (میزان ۶۰)
دوپٹے کے بارے میں غامدی صاحب نے اپنا نقطۂ نظر ’’سر کی اوڑھنی‘‘ کے زیر عنوان ایک شذرے میں بیان کیا ہے۔ قارئین کے ملاحظے کے لیے یہ شذرہ درج ذیل ہے:
’’اللہ تعالیٰ کی ہدایت ہے کہ مسلمان عورتیں اپنے ہاتھ، پاؤں اور چہرے کے سوا جسم کے کسی حصے کی زیبایش، زیورات وغیرہ اجنبی مردوں کے سامنے نہیں کھولیں گی۔ قرآن نے اِسے لازم ٹھیرایا ہے۔ سر پر دوپٹا یا اسکارف اوڑھ کر باہر نکلنے کی روایت اِسی سے قائم ہوئی ہے اور اب اسلامی تہذیب کا حصہ بن چکی ہے۔ عورتوں نے زیورات نہ پہنے ہوں اور بناؤ سنگھار نہ بھی کیا ہو تو وہ اِس کا اہتمام کرتی رہی ہیں۔ یہ رویہ بھی قرآن ہی کے اشارات سے پیدا ہوا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ دوپٹے سے سینہ اور گریبان ڈھانپ کر رکھنے کاحکم اُن بوڑھیوں کے لیے نہیں ہے جو نکاح کی امید نہیں رکھتی ہیں، بشرطیکہ وہ زینت کی نمایش کرنے والی نہ ہوں۔ قرآن کا ارشاد ہے کہ وہ اپنا یہ کپڑا مردوں کے سامنے اتار سکتی ہیں، اِس میں کوئی حرج نہیں ہے، مگر ساتھ ہی وضاحت کر دی ہے کہ پسندیدہ بات اُن کے لیے بھی یہی ہے کہ احتیاط کریں اور دوپٹا سینے سے نہ اتاریں۔ اِس سے واضح ہے کہ سر کے معاملے میں بھی پسندیدہ بات یہی ہونی چاہیے اور بناؤ سنگھار نہ بھی کیا ہو تو عورتوں کو دوپٹا سر پر اوڑھ کر رکھنا چاہیے۔ یہ اگرچہ واجب نہیں ہے، لیکن مسلمان عورتیں جب مذہبی احساس کے ساتھ جیتی اور خدا سے زیادہ قریب ہوتی ہیں تو وہ یہ احتیاط لازماً ملحوظ رکھتی ہیں اور کبھی پسند نہیں کرتیں کہ کھلے سر اور کھلے بالوں کے ساتھ اجنبی مردوں کے سامنے ہوں۔ ‘‘ (مقامات۳۰۶)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* نسائی، رقم ۳۴۳۰۔
* المفصل فی تاریخ العرب قبل الاسلام، جواد علی ۶/ ۳۴۶۔
[1]۔ ’’ اور مومن عورتوں سے کہہ دو کہ وہ بھی اپنی نظریں بچا کر رکھیں اور اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کریں اور اپنی زینت کی چیزیں نہ کھولیں ، سواے اُن کے جواُن میں سے کھلی ہوتی ہیں ، اور اپنی اوڑھنیوں کے آنچل اپنے سینوں پر ڈالے رہیں۔ اور زینت کی چیزیں نہ کھولیں ‘‘(۲۴ :۳۱)۔
’’اور بڑی بوڑھیاں جو اب نکاح کی امید نہیں رکھتی ہیں، وہ اگر اپنے دوپٹے اتار دیں تو اُن پر کوئی گناہ نہیں ، بشرطیکہ زینت کی نمایش کرنے والی نہ ہوں۔ اور اگر احتیاط برتیں تو اُن کے لیے بہتر ہے۔ اور اللہ سننے والا ہے ، وہ ہر چیز سے واقف ہے‘‘(۲۴: ۶۰)۔