’’اشراق‘‘ ایک طویل تاریخ رکھتا ہے ۔ اس نے اس ملک میں قرآنِ مجید کی خالص تعلیمات کے احیا کا بیڑا اٹھایا ہے اور اس کا ہر شمارہ اس کی اپنے مقصد کی طرف یکسوئی پر گواہ ہے۔ ’’اشراق‘‘ کے مدیر اور ان کے رفقا نے کوشش کی کہ وہ لوگوں کے دلوں کو حق کے سمجھنے اور حق ہی کو اختیار کرنے کے لیے تیار کریں ۔ ان کو تعصبات سے بچائیں اور صرف خدا کی رضا کے لیے ردوقبول کے فیصلے پر آمادہ کریں۔ اس غرض کے لیے ’’اشراق‘‘ میں زیادہ تر علمی اندازِ تحریر اختیار کیا گیا ہے۔
’’اشراق‘‘ میں لکھنے والوں کی اس سعی سے مقصود آخرت کی فلاح رہی ہے ۔ چنانچہ علمی مضامین کے ساتھ ساتھ عام فہم اور دعوتی تحریریں بھی ’’اشراق‘‘ کے صفحات پر شائع ہوتی رہی ہیں ۔ ہمارے ملک کی آبادی کا بڑا حصہ اسی نوع کی تحریریں پڑھ سکتا اور نہ ان کے معانی اخذ کر سکتا ہے ۔ اس لیے ضرورت محسوس ہوئی ہے کہ ’’اشراق‘‘ کے ان قارئین کے لیے الگ رسالہ جاری کیا جائے ۔ چنانچہ ہم نے ’’اشراق‘‘ کے اصلاح و دعوت ایڈیشن کے اجرا کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس ایڈیشن کا آغاز ان شاء اللہ اپریل ۲۰۰۰ سے ہو گا ۔ اس کے بنیادی سلسلے قرآنِ مجید کی عام فہم شرح اور اقوالِ رسول کی سادہ تبیین ہو گی۔ اس کے علاوہ سادہ دعوتی مضامین ، سیرتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور احوالِ صحابہ سے دینی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا جائے گا ۔ آغاز میں اس کے صفحات کی تعداد ۲۴ اور قیمت ۵ روپے ر کھی گئی ہے ۔
ہماری خواہش ہے کہ یہ ایڈیشن عام آدمی کی زندگی میں دینی تبدیلی کا نقیب بن جائے ، اس کے لیے دین کے فہم کا ذریعہ ہو اور اسے پیش آنے والے عملی مسائل کے حل کا باعث بنے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری اس کوشش کو کامیاب کرے ۔ اسے ہمارے لیے بھی آخرت کی کامیابی کا زینہ بنائے اور اس کے پڑھنے والوں کو بھی جنت میں لے جانے کا سبب ہو۔
_______