مصنف: محمد ندیم اعظم
طابع: اسلامک پبلیکیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، ۱۳۔ ای شاہ عالم مارکیٹ لاہور۔
قیمت: ۴۰ روپے
موجودہ زمانے میں صحیح ایمان جنسِ نایاب بنتا جا رہا ہے۔ مسلمان خدا اور رسول کا نام لیتے ہیں لیکن ان کی زندگیاں اسی دنیا کے مفادات کے گرد گھوم رہی ہیں۔ آخرت کی تیاری، دین کا صحیح فہم اور خدا کی رضا کے بجائے معیار زندگی کی بہتری، آسایشوں کی دست یابی اور لذات و شہوات کی تکمیل تمام مشاعی کا ہدف بنی ہوئی ہیں۔ ان حالات میں اس بات کی شدید ضرورت ہے کہ لوگوں کو دین کی خالص تعلیمات کی طرف راغب کیا جائے۔ موت کے بعد پیش آنے والے مسئلے کی سنگینی کو ان کے سامنے واضح کیا جائے۔ متاع دنیا کے دھوکا اور فریب ہونے کا پہلو ان کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔
دین کے بہت سے خدام یہ خدمت انجام دے رہے ہیں۔ محمد ندیم اعظم کی کتاب ’’دعوت ایمان‘‘ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس کتاب میں مرتب کے پیش نظر دین کے دو بنیادی عقائد وجود باری تعالیٰ اور رسالت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا دلائل کے ساتھ اثبات ہے۔ وجود باری کے حوالے سے مصنف نے کائنات کی تخلیق کے بے عیب ہونے کو بنیادی استدلال کی حیثیت سے پیش کیا ہے۔ اس معاملے میں انھوں نے جدید سائنسی معلومات سے بطور خاص مدد لی ہے۔ رسالت محمدی کے ضمن میں انھوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں پیشین گوئیاں، قرآن مجید کے خدا کا کلام ہونے کے داخلی و خارجی شواہد اور خود قرآن مجید میں موجود مستقبل کے بارے میں پیشین گوئیاں درج کی ہیں۔ گویا انھوں نے وجود باری اور رسالت محمدی کے بارے میں اپنے مخاطب کے ذہن میں موجود شکوک و شبہات کورفع کرنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن اس معاملے میں انھوں نے تمام پہلوؤں کا احاطہ نہیں کیا۔ اس وجہ سے یہ کتاب زیادہ پڑھے لکھے طبقے کے لیے وجۂ تشفی نہیں ہو سکتی۔
طباعت کے پہلو سے کتاب مناسب درجے کی ہے اور قیمت بھی موزوں ہے۔
ـــــــــــــــــــــــــ