بیہقی، رقم ۵۰۸۰ کے مطابق بیان کیاجاتاہے کہ
روی أن رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم قال: لا تعلموا قریشا، تعلموا منہا. ولا تقدموا قریشا، ولا تأخروا عنہا. فإن القرشی مثل قوۃ الرجلین من غیرہم.
’’روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:قریش کو سکھاؤ نہیں، بلکہ ان سے سیکھو، ان سے آگے بڑھنے کی کوشش نہ کرو اور نہ ان سے پیچھے رہو، کیونکہ قریش کا ایک آدمی دوسرے (قبیلے کے) دوآدمیوں کی طاقت کے برابرہے۔‘‘
یہ روایت بعض اختلافات اور اضافوں کے ساتھ عبدالرزاق، رقم ۱۹۸۹۳ اور ابن ابی شیبہ، رقم ۳۲۳۸۶ میں بھی نقل ہوئی ہے۔
امام بیہقی نے اس روایت کو نقل کرنے کے بعد اس پریوں تبصرہ کیا ہے:
ہذا مرسل وروی موصولا ولیس بالقوی.
’’یہ روایت مرسل۱ ہے۔یہ متصل سند کے ساتھ بھی روایت ہوئی ہے، مگر وہ سند کمزور ہے۔‘‘
اس روایت کی سند کو امام بیہقی نے چونکہ مرسل قرار دیا ہے، اس لیے احتیاط کا تقاضایہی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کی نسبت کو قابل اعتماد نہ سمجھا جائے۔
تخریج : محمد اسلم نجمی
کوکب شہزاد
ترجمہ و ترتیب : اظہار احمد
——————
۱ مرسل ایک اصطلاح ہے جو حدیث کی اس سند کے لیے استعمال کی جاتی ہے جس میں راوی نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کو سنا نہ ہو، مگر وہ اسے کسی واسطے کے بغیر براہ راست نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کررہا ہو۔
————————————