روی أنہ رجل قتل فقیل للنبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم، فقال: أبعدہ اللّٰہ، إنہ کان یبغض قریشا.
’’روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک ایسے آدمی کے بارے میں بتایا گیاجسے قتل کردیا گیاتھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اللہ اسے ہلاک کرے وہ قریش کے خلاف عداوت رکھتا تھا۔‘‘
یہ روایت ابن ابی شیبہ، رقم ۳۲۳۹۹ ہے۔ اس روایت کو عبدالرزاق، رقم ۱۹۹۰۴ میں بھی نقل کیاگیا ہے جسے محمد بن مسلم بن شہاب نے براہ راست نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کیا ہے۔ ابن ابی شیبہ کی روایت بھی محمد بن مسلم بن شہاب ہی سے منقول ہے، تاہم اسے براہ راست نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت نہیں کیا گیا، بلکہ اسے سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کے ذریعے سے نقل کیا گیا ہے۔ محمد بن مسلم بن شہاب کے بارے میں یہ معلوم ہے کہ اس کی ملاقات نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے نہیں ہوئی اور نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ سے اس کی ملاقات ثابت ہے، اس لیے اس روایت کی سند منقطع ہے۔
یہ روایت چونکہ ایک ہی سند سے نقل ہوئی ہے جو منقطع ہے، اس لیے احتیاط کا تقاضا یہی ہے کہ اسے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے منسوب کرنے کے معاملے میں توقف کیاجائے۔
تخریج : محمد اسلم نجمی
کوکب شہزاد
ترجمہ و ترتیب : اظہار احمد
_______________