’’قرآنیات‘‘ میں جناب جاوید احمد غامدی صاحب کا ترجمۂ قرآن ’’البیان‘‘ شائع کیا گیا ہے۔ یہ قسط سورۂ نحل کی آیات ۱۰۔۳۲ کے ترجمہ اور حواشی پر مشتمل ہے۔ ان آیات میں توحید سے متعلق بیان کیا گیا ہے اور پرہیز گار، خداترسوں کا اچھا اور شرک کرنے والوں کا برا انجام بیان ہوا ہے۔
’’معارف نبوی‘‘ میں شاہد رضا صاحب کے مضمون میں مرحوم رشتہ دار کی طرف سے مانی گئی حج کی نذر پوری کرنے کے بارے میں بیان کیا گیا ہے۔ یہ معز امجد صاحب کے ایک انگریزی مضمون کا اردو ترجمہ ہے۔
’’دین و دانش‘‘ کے تحت ابو یحییٰ صاحب نے اپنے مضمون میں جمہوریت، آمریت اور خلافت کے طرز حکومت کی خصوصیات کو تاریخی پس منظر کے ساتھ واضح کیا ہے۔
’’سیر و سوانح‘‘ کے تحت محمد وسیم اختر مفتی صاحب کے مضمون کے پہلے حصے میں جلیل القدر صحابی حضرت شرحبیل بن حسنہ رضی اﷲ عنہ کے ابتدائی حالات زندگی اور ہجرت حبشہ کا ذکر کیا گیا ہے۔
’’مقالات‘‘ میں مولانا ابو اللیث اصلاحی ندوی صاحب نے اپنے مضمون میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک حدیث ’شیّبتنی ہود‘ (مجھے سورۂ ہود نے بوڑھا کر دیا) کے حوالے سے اس روایت کے متعلق علماے محققین خصوصاً مولانا فراہی کے نقطۂ نظر کی وضاحت کی ہے۔
’’ادبیات‘‘ میں مولوی محمد اسمعٰیل میرٹھی صاحب کی ایک نظم ’’مناجات‘‘ شائع کی گئی ہے۔ اس میں اللہ تعالیٰ کی رحمت بے کراں کو پکارتے ہوئے دعا و مناجات کی گئی ہیں۔
____________