بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
(گذشتہ سے پیوستہ)
وَلَقَدْ اَرْسَلْنَا نُوْحًا اِلٰی قَوْمِہٖٓ اِنِّیْ لَکُمْ نَذِیْرٌ مُّبِیْنٌ{۲۵} اَنْ لَّا تَعْبُدُوْٓا اِلَّا اللّٰہَ اِنِّیْٓ اَخَافُ عَلَیْکُمْ عَذَابَ یَوْمٍ اَلِیْمٍ{۲۶} فَقَالَ الْمََلَاُ الَّذِیْنَ کَفَرُوْا مِنْ قَوْمِہٖ مَا نَرٰکَ اِلَّا بَشَرًا مِّثْلَنَا وَمَا نَرٰکَ اتَّبَعَکَ اِلَّا الَّذِیْنَ ھُمْ اَرَاذِلُنَا بَادِیَ الرَّاْیِ وَمَا نَرٰی لَکُمْ عَلَیْنَا مِنْ فَضْلٍم بَلْ نَظُنُّکُمْ کٰذِبِیْنَ{۲۷}
قَالَ یٰقَوْمِ اَرَئَ یْتُمْ اِنْ کُنْتُ عَلٰی بَیِّنَۃٍ مِّنْ رَّبِّیْ وَاٰتٰنِیْ رَحْمَۃً مِّنْ عِنْدِہٖ فَعُمِّیَتْ عَلَیْکُمْ اَنُلْزِمُکُمُوْھَا وَاَنْتُمْ لَھَا کٰرِھُوْنَ{۲۸} وَیٰقَوْمِ لَآ اَسْئَلُکُمْ عَلَیْہِ مَالًا اِنْ اَجْرِیَ اِلَّاعَلَی اللّٰہِ وَمَآ اَنَا بِطَارِدِ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا اِنَّھُمْ مُّلٰقُوْا رَبِّھِمْ وَلٰکِنِّیْٓ اَرٰکُمْ قَوْمًا تَجْھَلُوْنَ{۲۹} وَیٰقَوْمِ مَنْ یَّنْصُرُنِیْ مِنَ اللّٰہِ اِنْ طَرَدْتُّھُمْ اَفَلَا تَذَکَّرُوْنَ{۳۰} وَلَآ اَقُوْلُ لَکُمْ عِنْدِیْ خَزَآئِنُ اللّٰہِ وَلَآ اَعْلَمُ الْغَیْبَ وَلَآ اَقُوْلُ اِنِّیْ مَلَکٌ وَّلَآ اَقُوْلُ لِلَّذِیْنَ تَزْدَرِیْٓ اَعْیُنُکُمْ لَنْ یُّؤْتِیَھُمُ اللّٰہُ خَیْرًا اَللّٰہُ اَعْلَمُ بِمَا فِیْٓ اَنْفُسِھِمْ اِنِّیْٓ اِذًا لَّمِنَ الظّٰلِمِیْنَ{۳۱} قَالُوْا یٰـنُوْحُ قَدْ جٰدَلْتَنَا فَاَکْثَرْتَ جِدَالَنَا فَاْتِنَا بِمَا تَعِدُنَآ اِنْ کُنْتَ مِنَ الصّٰدِقِیْنَ{۳۲} قَالَ اِنَّمَا یَاْتِیْکُمْ بِہِ اللّٰہُ اِنْ شَآئَ وَمَآ اَنْتُمْ بِمُعْجِزِیْنَ{۳۳} وَلَا یَنْفَعُکُمْ نُصْحِیْٓ اِنْ اَرَدْتُّ اَنْ اَنْصَحَ لَکُمْ اِنْ کَانَ اللّٰہُ یُرِیْدُ اَنْ یُّغْوِیَکُمْ ھُوَ رَبُّکُمْ وَاِلَیْہِ تُرْجَعُوْنَ{۳۴}
اَمْ یَقُوْلُوْنَ افْتَرٰہُ قُلْ اِنِ افْتَرَیْتُہٗ فَعَلَیَّ اِجْرَامِیْ وَاَنَا بَرِیْٓئٌ مِّمَّا تُجْرِمُوْنَ{۳۵}
وَاُوْحِیَ اِلٰی نُوْحٍ اَنَّہٗ لَنْ یُّؤْمِنَ مِنْ قَوْمِکَ اِلَّا مَنْ قَدْ اٰمَنَ فَلَا تَبْتَئِسْ بِمَا کَانُوْا یَفْعَلُوْنَ{۳۶} وَاصْنَعِ الْفُلْکَ بِاَعْیُنِنَا وَوَحْیِنَا وَلَا تُخَاطِبْنِیْ فِی الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا اِنَّھُمْ مُّغْرَقُوْنَ{۳۷} وَیَصْنَعُ الْفُلْکَ وَکُلَّمَا مَرَّ عَلَیْہِ مَلَاٌ مِّنْ قَوْمِہٖ سَخِرُوْا مِنْہُ قَالَ اِنْ تَسْخَرُوْا مِنَّا فَاِنَّا نَسْخَرُ مِنْکُمْ کَمَا تَسْخَرُوْنَ{۳۸} فَسَوْفَ تَعْلَمُوْنَ مَنْ یَّاْتِیْہِ عَذَابٌ یُّخْزِیْہِ وَیَحِلُّ عَلَیْہِ عَذَابٌ مُّقِیْمٌ{۳۹} حَتّٰٓی اِذَا جَآئَ اَمْرُنَا وَفَارَالتَّنُّوْرُ قُلْنَا احْمِلْ فِیْھَا مِنْ کُلٍّ زَوْجَیْنِ اثْنَیْنِ وَاَھْلَکَ اِلَّا مَنْ سَبَقَ عَلَیْہِ الْقَوْلُ وَمَنْ اٰمَنَ وَمَآ اٰمَنَ مَعَہٗٓ اِلَّا قَلِیْلٌ{۴۰} وَقَالَ ارْکَبُوْا فِیْھَا بِسْمِ اللّٰہِ مَجْرٖھَا وَمُرْسٰھَا اِنَّ رَبِّیْ لَغَفُوْرٌ رَّحِیْمٌ{۴۱}
وَھِیَ تَجْرِیْ بِہِمْ فِیْ مَوْجٍ کَالْجِبَالِ وَنَادٰی نُوْحُنِ ابْنَہٗ وَکَانَ فِیْ مَعْزِلٍ یّٰبُنَیَّ ارْکَبْ مَّعَنَا وَلَا تَکُنْ مَّعَ الْکٰفِرِیْنَ{۴۲} قَالَ سَاٰوِیْٓ اِلٰی جَبَلٍ یَّعْصِمُنِیْ مِنَ الْمَآئِ قَالَ لَا عَاصِمَ الْیَوْمَ مِنْ اَمْرِ اللّٰہِ اِلَّا مَنْ رَّحِمَ وَحَالَ بَیْنَھُمَا الْمَوْجُ فَکَانَ مِنَ الْمُغْرَقِیْنَ{۴۳} وَقِیْلَ یٰٓاَرْضُ ابْلَعِیْ مَآئَ کِ وَیٰسَمَآئُ اَقْلِعِیْ وَغِیْضَ الْمَآئُ وَقُضِیَ الْاَمْرُ وَاسْتَوَتْ عَلَی الْجُوْدِیِّ وَقِیْلَ بُعْدًا لِّلْقَوْمِ الظّٰلِمِیْنَ{۴۴} وَنَادٰی نُوْحٌ رَّبَّہٗ فَقَالَ رَبِّ اِنَّ ابْنِیْ مِنْ اَھْلِیْ وَاِنَّ وَعْدَکَ الْحَقُّ وَاَنْتَ اَحْکَمُ الْحٰکِمِیْنَ{۴۵} قَالَ یٰنُوْحُ اِنَّہٗ لَیْسَ مِنْ اَھْلِکَ اِنَّہٗ عَمَلٌ غَیْرُ صَاِلحٍ فَلَا تَسْئَلْنِ مَا لَیْسَ لَکَ بِہٖ عِلْمٌ اِنِّیْٓ اَعِظُکَ اَنْ تَکُوْنَ مِنَ الْجٰھِلِیْنَ{۴۶} قَالَ رَبِّ اِنِّیْٓ اَعُوْذُبِکَ اَنْ اَسْئَلَکَ مَا لَیْسَ لِیْ بِہٖ عِلْمٌ وَاِلَّا تَغْفِرْلِیْ وَتَرْحَمْنِیْٓ اَکُنْ مِّنَ الْخٰسِرِیْنَ{۴۷} قِیْلَ یٰنُوْحُ اھْبِطْ بِسَلٰمٍ مِّنَّا وَبَرَکٰتٍ عَلَیْکَ وَعَلٰٓی اُمَمٍ مِّمَّنْ مَّعَکَ وَاُمَمٌ سَنُمَتِّعُھُمْ ثُمَّ یَمَسُّھُمْ مِّنَّا عَذَابٌ اَلِیْمٌ{۴۸}
تِلْکَ مِنْ اَنْبَآئِ الْغَیْبِ نُوْحِیْھَآ اِلَیْکَ مَا کُنْتَ تَعْلَمُھَآ اَنْتَ وَلَا قَوْمُکَ مِنْ قَبْلِ ھٰذَا فَاصْبِرْ اِنَّ الْعَاقِبَۃَ لِلْمُتَّقِیْنَ{۴۹}
واِلٰی عَادٍ اَخَاھُمْ ھُوْدًا قَالَ یٰقَوْمِ اعْبُدُوااللّٰہَ مَا لَکُمْ مِّنْ اِلٰہٍ غَیْرُہٗ اِنْ اَنْتُمْ اِلَّا مُفْتَرُوْنَ{۵۰} یٰقَوْمِ لَآاَسْئَلُکُمْ عَلَیْہِ اَجْرًا اِنْ اَجْرِیَ اِلَّا عَلَی الَّذِیْ فَطَرَنِیْ اَفَلَا تَعْقِلُوْنَ{۵۱} وَیٰقَوْمِ اسْتَغْفِرُوْا رَبَّکُمْ ثُمَّ تُوْبُوْٓا اِلَیْہِ یُرْسِلِ السَّمَآئَ عَلَیْکُمْ مِّدْرَارًا وَّیَزِدْکُمْ قُوَّۃً اِلٰی قُوَّتِکُمْ وَلَا تَتَوَلَّوْا مُجْرِمِیْنَ{۵۲} قَالُوْا یٰھُوْدُ مَا جِئْتَنَا بِبَیِّنَۃٍ وَّمَا نَحْنُ بِتَارِکِیْٓ اٰلِھَتِنَا عَنْ قَوْلِکَ وَمَا نَحْنُ لَکَ بِمُؤْمِنِیْنَ{۵۳} اِنْ نَّقُوْلُ اِلَّا اعْتَرٰکَ بَعْضُ اٰلِھَتِنَا بِسُوْٓئٍ قَالَ اِنِّیْٓ اُشْھِدُ اللّٰہَ وَاشْھَدُوْٓا اَنِّیْ بَرِیْٓئٌ مِّمَّا تُشْرِکُوْنَ{۵۴} مِنْ دُوْنِہٖ فَکِیْدُوْنِیْ جَمِیْعًا ثُمَّ لَا تُنْظِرُوْنِ{۵۵} اِنِّیْ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ رَبِّیْ وَرَبِّکُمْ مَا مِنْ دَآبَّۃٍ اِلَّا ھُوَاٰخِذٌم بِنَاصِیَتِھَا اِنَّ رَبِّیْ عَلٰی صِرَاطٍ مُّسْتَقِیْمٍ{۵۶} فَاِنْ تَوَلَّوْا فَقَدْ اَبْلَغْتُکُمْ مَّآ اُرْسِلْتُ بِہٖٓ اِلَیْکُمْ وَیَسْتَخْلِفُ رَبِّیْ قَوْمًا غَیْرَکُمْ وَلَا تَضُرُّوْنَہٗ شَیْئًا اِنَّ رَبِّیْ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ حَفِیْظٌ{۵۷} وَلَمَّاجَآئَ اَمْرُنَا نَجَّیْنَا ھُوْدًا وَّالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مَعَہٗ بِرَحْمَۃٍ مِّنَّا وَنَجَّیْنٰھُمْ مِّنْ عَذَابٍ غَلِیْظٍ{۵۸}
وَتِلْکَ عَادٌ جَحَدُوْا بِاٰیٰتِ رَبِّھِمْ وَعَصَوْا رُسُلَہٗ وَاتَّبَعُوْٓا اَمْرَ کُلِّ جَبَّارٍ عَنِیْدٍ{۵۹} وَاُتْبِعُوْا فِیْ ھٰذِہِ الدُّنْیَا لَعْنَۃً وَّیَوْمَ الْقِیٰمَۃِ اَلَآ اِنَّ عَادًا کَفَرُوْا رَبَّھُمْ اَلَا بُعْدًا لِّعَادٍ قَوْمِ ھُوْدٍ{۶۰}
وَاِلٰی ثَمُوْدَ اَخَاھُمْ صٰلِحًا قَالَ یٰقَوْمِ اعْبُدُوااللّٰہَ مَا لَکُمْ مِّنْ اِلٰہٍ غَیْرُہٗ ھُوَ اَنْشَاَکُمْ مِّنَ الْاَرْضِ وَاسْتَعْمَرَکُمْ فِیْھَا فَاسْتَغْفِرُوْہُ ثُمَّ تُوْبُوْٓا اِلَیْہِ اِنَّ رَبِّیْ قَرِیْبٌ مُّجِیْبٌ{۶۱} قَالُوْا یٰصٰلِحُ قَدْ کُنْتَ فِیْنَا مَرْجُوًّا قَبْلَ ھٰذَآ اَتَنْھٰنَآ اَنْ نَّعْبُدَ مَا یَعْبُدُ اٰبَآؤُنَا وَاِنَّنَا لَفِیْ شَکٍّ مِّمَّا تَدْعُوْنَآ اِلَیْہِ مُرِیْبٍ{۶۲} قَالَ یٰقَوْمِ اَرَئَ یْتُمْ اِنْ کُنْتُ عَلٰی بَیِّنَۃٍ مِّنْ رَّبِّیْ وَاٰتٰنِیْ مِنْہُ رَحْمَۃً فَمَنْ یَّنْصُرُنِیْ مِنَ اللّٰہِ اِنْ عَصَیْتُہٗ فَمَا تَزِیْدُوْنَنِیْ غَیْرَ تَخْسِیْرٍ{۶۳}
وَیٰقَوْمِ ھٰذِہٖ نَاقَۃُ اللّٰہِ لَکُمْ اٰیَۃً فَذَرُوْھَا تَاْکُلْ فِیْٓ اَرْضِ اللّٰہِ وَلَا تَمَسُّوْھَا بِسُوْٓئٍ فَیَاْخُذَکُمْ عَذَابٌ قَرِیْبٌ{۶۴} فَعَقَرُوْھَا فَقَالَ تَمَتَّعُوْا فِیْ دَارِکُمْ ثَلٰثَۃَ اَیَّامٍ ذٰلِکَ وَعْدٌ غَیْرُ مَکْذُوْبٍ{۶۵} فَلَمَّا جَآئَ اَمْرُنَا نَجَّیْنَا صٰلِحًا وَّالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مَعَہٗ بِرَحْمَۃٍ مِّنَّا وَمِنْ خِزْیِ یَوْمِئِذٍ اِنَّ رَبَّکَ ھُوَ الْقَوِیُّ الْعَزِیْزُ{۶۶} وَاَخَذَ الَّذِیْنَ ظَلَمُوا الصَّیْحَۃُ فَاَصْبَحُوْا فِیْ دِیَارِھِمْ جٰثِمِیْنَ{۶۷} کَاَنْ لَّمْ یَغْنَوْافِیْھَا اَلَآ اِنَّ ثَمُوْدَاْ کَفَرُوْا رَبَّھُمْ اَلَا بُعْدًالِّثَمُوْدَ{۶۸}
وَلَقَدْ جَآئَ تْ رُسُلُنَآ اِبْرٰھِیْمَ بِالْبُشْرٰی قَالُوْا سَلٰمًا قَالَ سَلٰمٌ فَمَا لَبِثَ اَنْ جَآئَ بِعِجْلٍ حَنِیْذٍ{۶۹} فَلَمَّا رَآٰ اَیْدِیَہُمْ لَا تَصِلُ اِلَیْہِ نَکِرَھُمْ وَاَوْجَسَ مِنْھُمْ خِیْفَۃً قَالُوْا لَا تَخَفْ اِنَّآ اُرْسِلْنَآ اِلٰی قَوْمِ لُوْطٍ{۷۰} وَامْرَاَتُہٗ قَآئِمَۃٌ فَضَحِکَتْ فَبَشَّرْنٰھَا بِاِسْحٰقَ وَمِنْ وَّرَآئِ اِسْحٰقَ یَعْقُوْبَ{۷۱} قَالَتْ یٰوَیْلَتٰٓی ئَ اَلِدُ وَاَنَا عَجُوْزٌ وَّھٰذَا بَعْلِیْ شَیْخًا اِنَّ ھٰذَا لَشَیْئٌ عَجِیْبٌ{۷۲} قَالُوْٓا اَتَعْجَبِیْنَ مِنْ اَمْرِاللّٰہِ رَحْمَتُ اللّٰہِ وَبَرَکٰتُہٗ عَلَیْکُمْ اَھْلَ الْبَیْتِ اِنَّہٗ حَمِیْدٌ مَّجِیْدٌ{۷۳}
فَلَمَّا ذَھَبَ عَنْ اِبْرٰھِیْمَ الرَّوْعُ وَجَآئَ تْہُ الْبُشْرٰی یُجَادِلُنَا فِیْ قَوْمِ لُوْطٍ{۷۴} اِنَّ اِبْرٰھِیْمَ لَحَلِیْمٌ اَوَّاہٌ مُّنِیْبٌ{۷۵} یٰٓاِبْرٰھِیْمُ اَعْرِضْ عَنْ ھٰذَا اِنَّہٗ قَدْ جَآئَ اَمْرُ رَبِّکَ وَاِنَّھُمْ اٰتِیْھِمْ عَذَابٌ غَیْرُ مَرْدُوْدٍ{۷۶}
وَلَمَّا جَآئَ تْ رُسُلُنَا لُوْطًا سِیْٓئَ بِھِمْ وَضَاقَ بِھِمْ ذَرْعًا وَّقَالَ ھٰذَا یَوْمٌ عَصِیْبٌ{۷۷} وَجَآئَ ہٗ قَوْمُہٗ یُھْرَعُوْنَ اِلَیْہِ وَمِنْ قَبْلُ کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ السَّیِّاٰتِ قَالَ یٰقَوْمِ ھٰٓؤُلَآئِ بَنَاتِیْ ھُنَّ اَطْھَرُلَکُمْ فَاتَّقُوا اللّٰہَ وَلَا تُخْزُوْنِ فِیْ ضَیْفِیْ اَلَیْسَ مِنْکُمْ رَجُلٌ رَّشِیْدٌ{۷۸} قَالُوْا لَقَدْ عَلِمْتَ مَالَنَا فِیْ بَنٰتِکَ مِنْ حَقٍّ وَاِنَّکَ لَتَعْلَمُ مَا نُرِیْدُ{۷۹} قَالَ لَوْ اَنَّ لِیْ بِکُمْ قُوَّۃً اَوْ اٰوِیْٓ اِلٰی رُکْنٍ شَدِیْدٍ{۸۰} قَالُوْا یٰلُوْطُ اِنَّا رُسُلُ رَبِّکَ لَنْ یَّصِلُوْٓا اِلَیْکَ فَاَسْرِبِاَھْلِکَ بِقِطْعٍ مِّنَ الَّیْلِ وَلَا یَلْتَفِتْ مِنْکُمْ اَحَدٌ اِلَّا امْرَاَتَکَ اِنَّہٗ مُصِیْبُھَا مَآ اَصَابَھُمْ اِنَّ مَوْعِدَھُمُ الصُّبْحُ اَلَیْسَ الصُّبْحُ بِقَرِیْبٍ{۸۱}
فَلَمَّا جَآئَ اَمْرُنَا جَعَلْنَا عَالِیَھَا سَافِلَھَا وَاَمْطَرْنَا عَلَیْھَا حِجَارَۃً مِّنْ سِجِّیْلٍ مَّنْضُوْدٍ{۸۲} مُّسَوَّمَۃً عِنْدَ رَبِّکَ وَمَا ھِیَ مِنَ الظّٰلِمِیْنَ بِبَعِیْدٍ{۸۳}
وَاِلٰی مَدْیَنَ اَخَاھُمْ شُعَیْبًا قَالَ یٰقَوْمِ اعْبُدُوا اللّٰہَ مَالَکُمْ مِّنْ اِلٰہٍ غَیْرُہٗ وَلَا تَنْقُصُوا الْمِکْیَالَ وَالْمِیْزَانَ اِنِّیْٓ اَرٰکُمْ بِخَیْرٍ وَّ اِنِّیْٓ اَخَافُ عَلَیْکُمْ عَذَابَ یَوْمٍ مُّحِیْطٍ{۸۴} وَیٰقَوْمِ اَوْفُوا الْمِکْیَالَ وَالْمِیْزَانَ بِالْقِسْطِ وَلَا تَبْخَسُوا النَّاسَ اَشْیَآئَ ھُمْ وَلَا تَعْثَوْا فِی الْاَرْضِ مُفْسِدِیْنَ{۸۵} بَقِیَّتُ اللّٰہِ خَیْرٌ لَّکُمْ اِنْ کُنْتُمْ مُّؤْمِنِیْنَ وَمَآ اَنَا عَلَیْکُمْ بِحَفِیْظٍ{۸۶} قَالُوْا یٰشُعَیْبُ اَصَلٰوتُکَ تَاْمُرُکَ اَنْ نَّتْرُکَ مَا یَعْبُدُ اٰبَآؤُنَآ اَوْ اَنْ نَّفْعَلَ فِیْٓ اَمْوَالِنَا مَا نَشٰٓؤُا اِنَّکَ لَاَنْتَ الْحَلِیْمُ الرَّشِیْدُ{۸۷} قَالَ یٰقَوْمِ اَرَئَ یْتُمْ اِنْ کُنْتُ عَلٰی بَیِّنَۃٍ مِّنْ رَّبِّیْ وَرَزَقَنِیْ مِنْہُ رِزْقًا حَسَنًا وَمَآ اُرِیْدُ اَنْ اُخَالِفَکُمْ اِلٰی مَآ اَنْھٰکُمْ عَنْہٗ اِنْ اُرِیْدُ اِلَّا الْاِصْلَاحَ مَا اسْتَطَعْتُ وَمَا تَوْفِیْقِیْٓ اِلَّا بِاللّٰہِ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَاِلَیْہِ اُنِیْبُ{۸۸} وَیٰـقَوْمِ لَایَجْرِمَنَّکُمْ شِقَاقِیْٓ اَنْ یُّصِیْبَکُمْ مِّثْلُ مَآ اَصَابَ قَوْمَ نُوْحٍ اَوْ قَوْمَ ھُوْدٍ اَوْ قَوْمَ صٰلِحٍ وَمَا قَوْمُ لُوْطٍ مِّنْکُمْ بِبَعِیْدٍ{۸۹} وَاسْتَغْفِرُوْا رَبَّکُمْ ثُمَّ تُوْبُوْٓا اِلَیْہِ اِنَّ رَبِّیْ رَحِیْمٌ وَّدُوْدٌ{۹۰} قَالُوْا یٰشُعَیْبُ مَا نَفْقَہُ کَثِیْرًا مِّمَّا تَقُوْلُ وَاِنَّا لَنَرٰکَ فِیْنَا ضَعِیْفًا وَلَوْلَا رَھْطُکَ لَرَجَمْنٰکَ وَمَآ اَنْتَ عَلَیْنَا بِعَزِیْزٍ{۹۱} قَالَ یٰقَوْمِ اَرَھْطِیْٓ اَعَزُّ عَلَیْکُمْ مِّنَ اللّٰہِ وَاتَّخَذْتُمُوْہُ وَرَآئَ کُمْ ظِھْرِیًّا اِنَّ رَبِّیْ بِمَا تَعْمَلُوْنَ مُحِیْطٌ{۹۲} وَیٰقَوْمِ اعْمَلُوْا عَلٰی مَکَانَتِکُمْ اِنِّیْ عَامِلٌ سَوْفَ تَعْلَمُوْنَ مَنْ یَّاْتِیْہِ عَذَابٌ یُّخْزِیْہِ وَمَنْ ھُوَ کَاذِبٌ وَارْتَقِبُوْٓا اِنِّیْ مَعَکُمْ رَقِیْبٌ{۹۳} وَلَمَّا جَآئَ اَمْرُنَا نَجَّیْنَا شُعَیْبًا وَّالَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مَعَہٗ بِرَحْمَۃٍ مِّنَّا وَاَخَذَتِ الَّذِیْنَ ظَلَمُوا الصَّیْحَۃُ فَاَصْبَحُوْا فِیْ دِیَارِھِمْ جٰثِمِیْنَ{۹۴} کَاَنْ لَّمْ یَغْنَوْا فِیْھَا اَلَا بُعْدًا لِّمَدْیَنَ کَمَا بَعِدَتْ ثَمُوْدُ{۹۵}
وَلَقَدْ اَرْسَلْنَا مُوْسٰی بِاٰیٰتِنَا وَسُلْطٰنٍ مُّبِیْنٍ{۹۶} اِلٰی فِرْعَوْنَ وَمَلَاْئِہٖ فَاتَّبَعُوْٓا اَمْرَ فِرْعَوْنَ وَمَآ اَمْرُ فِرْعَوْنَ بِرَشِیْدٍ{۹۷} یَقْدُمُ قَوْمَہٗ یَوْمَ الْقِیٰمَۃِ فَاَوْرَدَھُمُ النَّارَ وَبِئْسَ الْوِرْدُ الْمَوْرُوْدُ{۹۸} وَاُتْبِعُوْا فِیْ ھٰذِہٖ لَعْنَۃً وَّیَوْمَ الْقِیٰمَۃِ بِئْسَ الرِّفْدُ الْمَرْفُوْدُ{۹۹}
(اِسی طرح) نوح کو ہم نے اُس کی قوم کی طرف رسول بنا کر بھیجا تھا۔ (اُس نے اپنی قوم کے لوگوں سے کہا): میں تمھارے لیے ایک کھلا ہوا خبردار کرنے والا ہوں۱۴۹؎ کہ تم اللہ کے سوا کسی کی بندگی نہ کرو۱۵۰؎۔ (ایسا کرو گے تو)میں تم پر ایک دردناک دن کے عذاب کا اندیشہ رکھتا ہوں۔ اِس پر اُس کی قوم کے سرداروں نے جو منکر تھے، جواب دیا: ہم تو تمھیں اپنے جیسا ایک آدمی ہی دیکھتے ہیں اور ہمارے اندر جو اراذل ہیں ، اُنھی کو دیکھتے ہیں کہ بے سمجھے بوجھے تمھارے پیچھے لگ گئے ہیں۔ ہم نہیں دیکھتے کہ ہمارے اوپر تمھیں کوئی بڑائی حاصل ہے، بلکہ ہم تو تمھیں بالکل جھوٹا سمجھ رہے ہیں۱۵۱؎۔ ۲۵-۲۷
نوح نے جواب دیا: میری قوم کے لوگو، ذرا سوچو اگر میں اپنے پروردگار کی طرف سے ایک روشن دلیل۱۵۲؎ پر ہوں، پھر اُس نے مجھے خاص اپنی رحمت سے بھی نواز دیا ۱۵۳؎اور وہ تمھیں نظر نہیں آئی تو کیا ہم (زبردستی) اُس کو تم پر چپکا دیں، جبکہ تم اُس سے بے زار ہو۱۵۴؎؟میری قوم کے لوگو، میں اِس خدمت پر تم سے کوئی مال نہیں مانگ رہا ہوں (کہ تمھاری ہر بات ماننے کے لیے مجبور ہو جاؤں)۔میرا اجر تو اللہ کے ذمے ہے اور (تمھاری خوشنودی کے لیے) میں اُن لوگوں کو ہرگز نکال دینے والا نہیں ہوں جو ایمان لے آئے ہیں۔ وہ (اپنے اِسی ایمان کے ساتھ) اپنے پروردگار سے ملنے والے ہیں۔ (اُن کی قدر و قیمت کا فیصلہ وہی کرے گا)، مگر میں دیکھتا ہوں کہ تم لوگ جہالت میں مبتلا ہو۔ میری قوم کے لوگو، اگر میں اُن کو نکال دوں تو خدا سے بچانے کے لیے کون میری مدد کرے گا؟ پھر کیا سوچتے نہیں ہو۔ میں تم سے یہ نہیں کہتا کہ میرے پاس خدا کے خزانے ہیں اور نہ میں غیب کا علم رکھتا ہوں، نہ یہ دعویٰ کرتا ہوں کہ میں کوئی فرشتہ ہوں۱۵۵؎ اور نہ اُن لوگوں کے بارے میں جنھیں تمھاری آنکھیں حقیر دیکھتی ہیں، (تمھاری طرح) یہ کہنے کی جسارت کر سکتا ہوں کہ اللہ اُنھیں کوئی بھلائی دے ہی نہیں سکتا۔۱۵۶؎ اُن کے دلوں میں جو کچھ ہے، اُسے اللہ ہی بہتر جانتا ہے۔ میں اگر ایسا کروں تو میں ہی ظالم ہوں گا۔(اِس پر) اُن لوگوں نے کہا: اے نوح، تم نے ہم سے بحث کی ہے اور بہت کر لی ہے۔ اب اگر تم سچے ہو تو وہ چیز ہم پر لے آؤ جس کی تم ہمیں دھمکی سنا رہے ہو۔ نوح نے جواب دیا: وہ تو اللہ ہی تم پر لائے گا، اگر چاہے گا اور (اُس وقت) تم اُس کی گرفت سے نکل نہیں سکو گے۔ میں اگر تمھاری کچھ خیر خواہی کرنا بھی چاہوں تو میری خیرخواہی تمھیں کوئی فائدہ نہیں دے سکتی، اگر (تمھارے اِس رویے کے نتیجے میں) اللہ نے تم کو بھٹکا دینے کا ارادہ کر لیا ہے۔ وہی تمھارا پروردگار ہے اور تمھیں اُسی کی طرف پلٹنا ہے۔۲۸-۳۴
کیا یہ کہتے ہیں کہ (ہم پر چسپاں کرنے کے لیے) اِس شخص نے یہ قصہ خود گھڑ لیا ہے؟ اِن سے کہو (اے پیغمبر)،اگر میں نے یہ خود گھڑا ہے تو میرے جرم کا وبال میرے ہی اوپر ہے، لیکن (جانتے بوجھتے حقائق کو جھٹلادینے کا) جو جرم تم کر رہے ہو، (اُس کی ذمہ داری تمھی پر ہے)، میں اُس سے بری ہوں۱۵۷؎۔۳۵
(پھر) نوح کو وحی کی گئی کہ تمھاری قوم کے لوگوں میں سے جو ایمان لا چکے، اب اُن کے سوا کوئی ایمان لانے والا نہیں ہے۔ سو اِن کے کرتوتوں پر غم کھانا چھوڑ و اور ہماری نگرانی میں اور ہماری ہدایت کے مطابق کشتی بناؤ۔ اِن ظالموں کے حق میں مجھ سے کوئی بات نہ کرنا، یہ اب غرق ہو کر رہیں گے۔ نوح (اِس ہدایت کے مطابق) کشتی بنانے لگا اور اُس کی قوم کے سردار جب اُس کے پاس سے گزرتے تو اُس کی ہنسی اڑاتے۱۵۸؎۔ وہ اُنھیںجواب دیتا کہ اگر ہمارے اوپر ہنستے ہو تو جس طرح تم ہنستے ہو، اُسی طرح (ایک دن) ہم بھی تم پر ہنسیں گے۱۵۹؎۔ پھر عنقریب جان لو گے کہ وہ کون ہیں جن پر وہ عذاب آتا ہے جو اُنھیں رسوا کرکے رکھ دیتا ہے اور وہ قہر نازل ہوتا ہے جو اُن پر (نازل ہو کر) ٹھیر جاتا ہے۱۶۰؎۔ (وہ یہی کرتے رہے)، یہاں تک کہ جب ہمارا حکم آ پہنچا اور طوفان ابل پڑا ۱۶۱؎تو ہم نے کہا:ہر قسم کے جانوروں میں سے نر و مادہ، ایک ایک جوڑا کشتی میں رکھ لو ۱۶۲؎اور اپنے گھر والوں کو بھی (اِس کشتی میں سوار کرا لو)، سواے اُن کے جن کے بارے میں حکم صادر ہو چکا ہے۱۶۳؎، اور اُن کو بھی جو ایمان لائے ہیں ــــ اور تھوڑے ہی لوگ تھے جو اُس کے ساتھ ایمان لائے تھے۱۶۴؎۔ نوح نے کہا: اِس میں سوار ہو جاؤ، اِس کا چلنا اور ٹھیرنا اللہ ہی کے نام سے ہے۱۶۵؎۔ میرا پروردگار بخشنے والا ہے، اُس کی شفقت ابدی ہے۱۶۶؎۔ ۳۶-۴۱
وہ کشتی پہاڑوں کی طرح اٹھتی ہوئی موجوں کے درمیان اُن کو لے کر چلنے لگی اور نوح نے اپنے بیٹے۱۶۷؎ کو آواز دی، جو (کچھ فاصلے پر اُس سے) الگ تھا۔ بیٹا، ہمارے ساتھ سوار ہو جاؤ اور اِن منکروں کے ساتھ نہ رہو۱۶۸؎۔ اُس نے پلٹ کر جواب دیا: میں ابھی کسی پہاڑ کی پناہ لے لوں گا جو مجھے اِس پانی سے بچا لے گا۱۶۹؎۔ نوح نے کہا: آج اللہ کے حکم سے کوئی بچانے والا نہیں ہے، مگر جس پر وہ رحم فرمائے۔ (اتنے میں) ایک موج دونوں کے درمیان حائل ہوئی اور وہ بھی ڈوبنے والوں میں شامل ہو گیا۱۷۰؎۔ حکم ہوا: اے زمین، اپنا پانی نگل لے اور اے آسمان، تھم جا۱۷۱؎۔ چنانچہ پانی اتار دیا گیا، فیصلہ چکا دیا گیا، کشتی جودی۱۷۲؎ پر ٹک گئی اور کہہ دیا گیا کہ اِس ظالم قوم پر خدا کی پھٹکار ہے ۔ نوح نے اپنے رب کو پکارا اور کہا کہ پروردگار، میرا بیٹا تو میرے گھر والوں میں سے ہے۱۷۳؎ اور اِس میں شبہ نہیں کہ تیرا وعدہ سچا ہے اور تو سب فیصلہ کرنے والوں سے بڑا فیصلہ کرنے والا ہے۱۷۴؎۔ فرمایا: اے نوح، وہ تیرے گھر والوں میں سے نہیں ہے۱۷۵؎، وہ نہایت نابکار ہے۔ سو مجھ سے اُس چیز کے بارے میں سوال نہ کرو جس کا تجھے کچھ علم نہیں ہے۔ میں تجھے نصیحت کرتا ہوں کہ جذبات سے مغلوب ہو جانے والوں میں سے نہ بنو۔ نوح نے فوراً عرض کیا: پروردگار، میں تیری پناہ مانگتا ہوں کہ تجھ سے کوئی ایسی چیز مانگوں جس کا مجھے علم نہیں ہے۔ اور (جانتا ہوں کہ) اگر تو مجھے معاف نہ کرے گا اور مجھ پر رحم نہ فرمائے گا تو میں نامراد ہو جاؤں گا۔ ارشاد ہوا: اے نوح ،اتر جاؤ، ہماری طرف سے سلامتی کے ساتھ اور برکتوں کے ساتھ، تم پر بھی اور اُن امتوں پر بھی جو اُن سے ظہور میں آئیں گی جو تمھارے ساتھ ہیں۱۷۶؎۔اور (اِن کے بعد )کچھ ایسی امتیں بھی ہیں جنھیں ہم آگے بہرہ مند کریں گے، پھر (اُن کے جرائم کی پاداش میں) اُن کو بھی ہماری طرف سے ایک دردناک عذاب پکڑلے گا۱۷۷؎۔ ۴۲-۴۸
یہ غیب کی خبریں ہیں جو (اے پیغمبر) ،ہم تمھاری طرف وحی کر رہے ہیں۔ اِس سے پہلے نہ تم اِن کو جانتے تھے، نہ تمھاری قوم کے لوگ اِن سے واقف تھے۔ اِس لیے ثابت قدم رہو، انجام کار کی کامیابی اُنھی کے لیے ہے جو خدا سے ڈرنے والے ہیں۱۷۸؎۔۴۹
(اِسی طرح) عاد کی طرف ہم نے اُن کے بھائی ہود کو بھیجا۱۷۹؎۔اُس نے اُنھیں دعوت دی کہ میری قوم کے لوگو، اللہ کی بندگی کرو، اُس کے سوا تمھارا کوئی معبود نہیں ہے۔ (حقیقت یہ ہے کہ اُس کے مقابل میں) تم محض جھوٹ گھڑ رہے ہو۔ میری قوم کے لوگو، (میں یہ بات تمھاری خیرخواہی کے لیے کہتا ہوں)، میں اِس پر تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا۔ میرا اجر تو اُسی کے ذمے ہے جس نے مجھے پیدا کیا ہے۔ پھر کیا سمجھتے نہیں ہو؟ میری قوم کے لوگو، اپنے رب سے معافی مانگو، پھر اُس کی طرف پلٹو،۱۸۰؎ وہ تم پر چھاجوں مینہ برسائے گا اور تمھاری قوت پر مزید قوت کا اضافہ کرے گا۱۸۱؎۔ تم مجرم ہو کر روگردانی نہ کرو۔ اُنھوں نے جواب دیا: اے ہود، تم ہمارے پاس کوئی کھلی نشانی۱۸۲؎ لے کر تو آئے نہیں ہو اور (اِدھر ہمارا فیصلہ یہ ہے کہ )محض تمھارے کہنے سے ہم اپنے معبودوں کو چھوڑنے والے نہیں ہیں اور نہ تم کو ماننے والے ہیں۔ ہم تو یہی کہیں گے کہ تمھارے اوپر ہمارے معبودوںمیں سے کسی کی مار پڑی ہے۔ ہود نے کہا: میں خدا کو گواہ ٹھیراتا ہوں اور تم بھی گواہ رہو کہ جنھیں تم خدا کے سوا معبود بناتے ہو، میں اُن سے بالکل بری ہوں۱۸۳؎۔سو تم سب مل کر ، (جس طرح چاہو)میرے خلاف چالیں چلو، پھر مجھے ذرا مہلت نہ دو۔ میں نے اللہ پر بھروسا کر لیا ہے، اپنے اور تمھارے پروردگار پر۔ ہر جان دار کی چوٹی اُسی کے ہاتھ میں ہے۔ میرا پروردگار یقینا سیدھی راہ پر ہے۱۸۴؎۔ اِس پر بھی اعراض کر رہے ہو تو میں نے وہ پیغام تمھیں پہنچا دیا ہے جو مجھے دے کر تمھاری طرف بھیجا گیا ہے۔ اب میرا رب تمھاری جگہ کسی دوسری قوم کو اقتدار کا مالک بنائے گا اور تم اُس کا کچھ بگاڑ نہ سکو گے۔۱۸۵؎یقیناً میرا رب ہر چیز پر نگہبان ہے۔ (پھر ہوا یہ کہ ) جب ہمارا فیصلہ صادر ہو گیا تو ہم نے ہود کو اور اُن لوگوں کو جو اُس کے ساتھ ایمان لائے تھے، اپنی رحمت سے نجات دی اور (اِس طرح) ایک نہایت سخت عذاب سے اُنھیں بچا لیا۱۸۶؎۔ ۵۰-۵۸
یہ تھے عاد، اِنھوں نے اپنے پروردگار کی آیتوں کا انکار کیا، اُس کے رسولوں کی بات نہیں مانی ۱۸۷؎اورہر جبار اور سرکش کے معاملے کی پیروی کرتے رہے۔ (آخر کار) اِس دنیا میں بھی اِن کے پیچھے لعنت لگا دی گئی اور قیامت کے دن بھی۔ سن لو، عاد نے اپنے پروردگار سے کفر کیا، سن لو کہ عاد دھتکار دیے گئے ، ہود کی قوم کے لوگ!۵۹-۶۰
(اِسی طرح) ثمود۱۸۸؎ کی طرف ہم نے اُن کے بھائی صالح کو رسول بنا کر بھیجا۔ اُس نے اُنھیں دعوت دی کہ میری قوم کے لوگو، اللہ کی بندگی کرو، اُس کے سوا تمھارا کوئی معبود نہیں ہے۔ اُسی نے تمھیں زمین سے پیدا کیا اور اُس میں آباد کیا ہے۔ اِس لیے اُس سے معافی چاہو، پھر اُس کی طرف رجوع کرو۔ میرا پروردگار قریب بھی ہے اور (اپنے بندوں کی دعائیں) قبول کرنے والا بھی ۔ اُنھوں نے جواب دیا: اے صالح، اِس سے پہلے تو ہمارے اندر تم سے بڑی امیدیں کی جاتی تھیں۔ (لیکن تم اچھے نکلے)! کیااب ہمیں اُن معبودوں کی پرستش سے روکنا چاہتے ہو۱۸۹؎ جنھیں ہمارے باپ دادا پوجتے آئے ہیں؟ ہم تو اُس چیز کے باعث جس کی طرف تم ہمیںبلا رہے ہو۱۹۰؎، بڑے سخت شبہے میں ہیں جس نے خلجان میں ڈال دیا ہے۔ اُس نے کہا: میری قوم کے لوگو، ذرا غور کرو، اگر میں اپنے پروردگار کی طرف سے ایک روشن دلیل پر ہوں اور اُس نے مجھے اپنی طرف سے (خاص اپنی) رحمت سے بھی نواز دیا ہے۱۹۱؎ تو مجھے خدا کی پکڑ سے کون بچائے گا، اگر میں اُس کی نافرمانی کروں۔ سو (جو کچھ تم چاہتے ہو،۱۹۲؎ اُس سے تو) تم میری بربادی ہی میں اضافہ کرو گے۔ ۶۱-۶۳
میری قوم کے لوگو، یہ اللہ کی اونٹنی ہے، تمھارے لیے نشانی کے طور پر، لہٰذا اِس کو چھوڑ دو کہ اللہ کی زمین میں چرتی پھرے اور کسی برے ارادے سے اِس کو ہاتھ نہ لگانا، ورنہ کچھ زیادہ دیر نہ گزرے گی کہ تم پر عذاب آجائے گا۱۹۳؎۔ پھر ہوا یہ کہ اُنھوں نے اُس کی کونچیں کاٹ دیں۱۹۴؎۔ اِس پر صالح نے خبردار کر دیا کہ اب تین دن اپنی اِس بستی میں اور رہ بس لو۔ یہ دھمکی جھوٹی ہونے والی نہیں ہے۱۹۵؎۔ چنانچہ جب ہمارا حکم صادر ہو گیا۱۹۶؎ تو ہم نے خاص اپنی رحمت سے صالح کو اور اُن لوگوں کو جو اُس کے ساتھ ایمان لائے تھے، (اُس عذاب سے) نجات دی اور اُس دن کی رسوائی سے بچا لیا۔۱۹۷؎ اِس میں شبہ نہیں کہ تیرا پروردگار ہی قوی اور زبردست ہے۱۹۸؎۔اور جن لوگوں نے ظلم کیاتھا، اُن کو بڑے زور کی کڑک نے آلیا اور وہ اپنے گھروں میں اِس طرح اوندھے پڑے رہ گئے کہ گویا وہاں کبھی بسے ہی نہیں تھے۔ سن لو، ثمود نے اپنے پروردگار سے کفر کیا۔ سن لو کہ ثمود دھتکار دیے گئے!۶۴-۶۸
(اورلوط کے معاملے میں یہ ہوا کہ پہلے) ہمارے فرشتے ابراہیم کے پاس خوش خبری لے کر پہنچے۔ کہا: سلامتی ہو۔ ابراہیم نے جواب دیا: تم پر بھی سلامتی ہو۔ پھر کچھ دیر نہ گزری کہ ابراہیم ایک بھنا ہوا بچھڑا (اُن کی ضیافت کے لیے)لے آیا۱۹۹؎۔لیکن جب دیکھا کہ اُن کے ہاتھ اُس کی طرف نہیں بڑھ رہے ہیں تو اُن سے اُپرایا اور دل میں اُن سے کچھ ڈرنے لگا۲۰۰؎۔ اُنھوں نے کہا: ڈرو نہیں، ہم قوم لوط کی طرف بھیجے گئے ہیں۔ ابراہیم کی بیوی پاس ہی کھڑی تھی، سو (خوشی سے) ہنس پڑی۲۰۱؎۔ پھر ہم نے اُس کو اسحاق کی اور اسحاق کے بعد یعقوب کی بشارت دی۲۰۲؎۔ وہ بولی: ہاے شامت! کیا میں بچہ جنوں گی، جبکہ میں خود بھی بڑھیا ہوں اور یہ میرے شوہر بھی بوڑھے ہو چکے ہیں۔ یہ تو بڑی عجیب بات ہے۲۰۳؎۔ فرشتوں نے کہا: خدا کی بات پر تعجب کرتی ہو؟ ابراہیم کے گھر والو، تم پر تو اللہ کی رحمت اور اُس کی برکتیں ہیں۲۰۴؎۔ یقینا اللہ ستودہ صفات ہے، وہ بڑی شان والا ہے۔ ۶۹-۷۳
پھر جب ابراہیم کا خوف دور ہوا اور اُسے بشارت مل گئی تو وہ قوم لوط کے بارے میں ہم سے بحث کرنے لگا۲۰۵؎۔ حقیقت یہ ہے کہ ابراہیم بڑا بردبار، بڑادردمند اور اپنے پروردگار کی طرف بڑا دھیان رکھنے والا تھا۔ ابراہیم ، یہ بحث چھوڑ و، تمھارے پروردگار کا حکم ہو چکا ہے اور اب اِن لوگوں پر وہ عذاب آنے والا ہے جو لوٹایا نہیں جاتا۲۰۶؎۔ ۷۴-۷۶
(اِس کے بعد) جب ہمارے فرشتے لوط کے پاس پہنچے ۲۰۷؎تو اُن کے آنے سے وہ بہت رنجیدہ اور دل تنگ ہوا اور کہنے لگا کہ یہ تو بڑی مصیبت کا دن ہے۲۰۸؎۔ اُس کی قوم کے لوگ (یہ دیکھ کر کہ خوب رو لڑکے آئے ہیں)، بے اختیاردوڑتے ہوئے اُس کے پاس آ پہنچے۔ پہلے سے وہ ایسی ہی بدکاریوں کے خوگر تھے۔ اُس نے کہا: میری قوم کے لوگو، یہ میری بیٹیاں ہیں۔ یہ تمھارے لیے زیادہ پاکیزہ ہیں۔ اِس لیے خدا کا خوف کرو اور میرے مہمانوں کے معاملے میں مجھے رسوا نہ کرو۔ کیا تم میں کوئی بھلا آدمی نہیں ہے۲۰۹؎؟ اُنھوں نے جواب دیا: تمھیں معلوم ہی ہے کہ تمھاری بیٹیوں پر ہمارا کوئی حق نہیں ہے اور تم اچھی طرح جانتے ہو جو کچھ ہم چاہتے ہیں۲۱۰؎۔ لوط نے کہا: اے کاش، میرے پاس تم سے مقابلے کی طاقت ہوتی یا میں کسی مضبوط سہارے کی پناہ لے سکتا۲۱۱؎۔ فرشتوں نے کہا: اے لوط، ہم تمھارے پروردگار کے بھیجے ہوئے ہیں۔ (مطمئن رہو)، یہ تمھارے قریب بھی نہیں آسکیں گے۔ سو اپنے اہل و عیال کو لے کر کچھ رات رہے نکل جاؤاور تم میں سے کوئی پیچھے پلٹ کر نہ دیکھے۔ تمھاری بیوی نہیں، اِس لیے کہ اُس پر وہی کچھ گزرنے والا ہے جو اِن لوگوں پر گزرنا ہے۔ اِن (پر عذاب) کے لیے صبح کا وقت مقرر ہے۔ (تم پریشان کیوں ہوتے ہو)؟ کیا صبح قریب نہیں ہے! ۷۷-۸۱
پھر جب ہمارا حکم آپہنچا تو ہم نے اُس بستی کو تلپٹ کر کے رکھ دیا اور اُس پر پکی ہوئی مٹی کے پتھر برسائے، تہ بر تہ۲۱۲؎، جو تمھارے پروردگار کے ہاں نشان لگائے ہوئے تھے۲۱۳؎ اور وہ اِن ظالموں سے کچھ زیادہ دور نہیں تھے۲۱۴؎۔ ۸۲-۸۳
اور مدین۲۱۵؎ کی طرف اُن کے بھائی شعیب کو رسول بنا کر بھیجا۔ اُس نے دعوت دی کہ میری قوم کے لوگو، اللہ کی بندگی کرو، اُس کے سوا تمھارا کوئی معبود نہیں ہے اورناپ اور تول میں کمی نہ کرو۲۱۶؎۔ میں تمھیں خوش حال دیکھ رہا ہوں، مگر مجھے تم پر ایک ایسے دن کے عذاب کا اندیشہ ہے جو گھیرنے والا ہے۲۱۷؎۔ میری قوم کے لوگو، ناپ اور تول کو ٹھیک انصاف کے ساتھ پورا رکھو اور لوگوں کو اُن کی چیزیں گھٹا کر نہ دو اور زمین میں فساد نہ پھیلاتے پھرو۔ اللہ کا دیا ہوا نفع ہی تمھارے لیے بہتر ہے، اگر تم سچے مومن ہو۔ (مجھے سمجھانا ہی ہے) اورمیں تم پر نگران مقرر نہیں کیا گیا ہوں۲۱۸؎۔ اُنھوں نے جواب دیا:اے شعیب، کیا تمھاری نماز تمھیں یہ سکھاتی ہے کہ ہم اُن چیزوں کو چھوڑ دیں جنھیں ہمارے باپ دادا پوجتے رہے یا اپنے مال میں ہم اپنی مرضی کے مطابق تصرف نہ کریں۲۱۹؎؟ (تمھاری نگاہ میں سب اگلے پچھلے بے وقوف اور گمراہ تھے اور ہمارے اندر)بس تمھی ایک دانش مند اور راست باز آدمی رہ گئے ہو! اُس نے کہا: میری قوم کے لوگو، ذرا غور تو کرو، اگر میں اپنے پروردگار کی طرف سے ایک روشن دلیل ۲۲۰؎پر ہوں،پھر اُس نے (وحی کی صورت میں) مجھے ایک رزق حسن۲۲۱؎ بھی اپنی طرف سے عطا فرمادیا (تو اِس کے سوا کس چیز کی دعوت دوں)؟۲۲۲؎میں ہرگز نہیں چاہتا کہ تمھاری مخالفت کرکے وہی کام خود کروں جس سے تمھیں روک رہا ہوں۲۲۳؎۔ میں تو صرف اصلاح چاہتا ہوں، جس حد تک کر سکوں۔(اِس کی) توفیق مجھے اللہ ہی سے ملے گی۔ میں نے اُسی پر بھروسا کیا ہے اور اُسی کی طرف رجوع کرتا ہوں۔ میری قوم کے لوگو، میرے خلاف تمھاری ہٹ دھرمی کہیں یہ نوبت نہ پہنچا دے کہ تم پر بھی وہی آفت آپڑے جو نوح کی قوم یا ہود کی قوم یا صالح کی قوم پر آ پڑی تھی اور لوط کی قوم تو تم سے زیادہ دور بھی نہیں ہے۔ (اِس لیے خیریت چاہتے ہو تو میری بات سنو) اور اپنے پروردگار سے معافی چاہو، پھر اُس کی طرف پلٹ آؤ۔۲۲۴؎ حقیقت یہ ہے کہ میرا پروردگار نہایت مہربان اور بڑی محبت کرنے والا ہے۲۲۵؎۔ اُنھوں نے جواب دیا: اے شعیب، تمھاری بہت سی باتیں ہماری سمجھ میں نہیں آتیں ۲۲۶؎اور ہم تو دیکھتے ہیں کہ ہمارے درمیان تم ایک کمزور آدمی ہو، تمھاری برادری نہ ہوتی تو ہم تمھیں سنگ سار کر دیتے، تم ہم پر کچھ بھاری نہیں ہو۔ شعیب نے کہا: میری قوم کے لوگو، کیا میری برادری تم پر خدا سے زیادہ بھاری ہے؟ (اُس کا تمھیں خوف ہے) اور خدا کو تم نے پس پشت ڈال رکھا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ جو کچھ تم کرتے ہو، میرا پروردگار اُس کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ میری قوم کے لوگو، (جو کچھ کر رہے ہو)، اپنی جگہ کیے جاؤ، میں بھی کر رہا ہوں۔ تمھیں عنقریب معلوم ہو جائے گا کہ کس پر رسوا کر دینے والا عذاب آجاتا ہے اور کون اپنی بات میں جھوٹا ہے۔ تم انتظار کرو، میں بھی تمھارے ساتھ انتظار کر رہا ہوں۔ (اِس پر) جب ہمارا حکم صادر ہو گیا تو ہم نے شعیب کو اور اُن لوگوں کو جو اُس کے ساتھ ایمان لائے تھے، خاص اپنی رحمت سے نجات دی اور جنھوں نے (اپنی جان پر) ظلم ڈھایا تھا، اُن کو کڑک نے آلیا اور وہ اپنے گھروں میں اوندھے پڑے رہ گئے، گویا اُن میں کبھی بسے ہی نہیں تھے۔ سنو، مدین والے بھی دھتکارے گئے، جس طرح ثمود دھتکار دیے گئے!۸۴-۹۵
(اِسی طرح) موسیٰ کو ہم نے اپنی نشانیوں کے ساتھ اور ایک کھلی ہوئی سند ۲۲۷؎کے ساتھ فرعون اور اُس کے سرداروں کی طرف رسول بنا کر بھیجا تھا تو اُنھوں نے فرعون کی بات مانی، دراں حالیکہ فرعون کی بات راست نہیں تھی۔ قیامت کے دن وہ اپنی قوم کے آگے آگے ہو گا اور اُنھیں دوزخ میں لے جا اتارے گا۔ کیا ہی برا گھاٹ ہے جس پر وہ اتریں گے۔ اُن کے پیچھے دنیا میں بھی لعنت لگا دی گئی اور آخرت میں بھی۔ کیا ہی برا صلہ ہے جو اُنھیں دیا گیا۲۲۸؎۔۹۶-۹۹
۱۴۹؎ اصل میں ’نَذِیْرٌ مُّبِیْنٌ‘کے الفاظ آئے ہیں، یعنی پوری قطعیت کے ساتھ اور صاف صاف خبردار کرنے والا۔ اِس میں ایک لطیف تلمیح بھی ہے۔ استاذ امام لکھتے ہیں:
’’۔۔۔عرب میں دستور رہا ہے کہ ہر قوم کے لوگ کسی بلند ٹیلے یا پہاڑی پر دیدبان بناتے، جہاں ہر وقت ایک نگران مقرر رہتا جس کا کام یہ ہوتا کہ جب وہ دیکھتا کہ کسی طرف سے حملہ آوروں کی کوئی جماعت اُس کی قوم پر حملہ کیا چاہتی ہے تو وہ اپنے کپڑے پھاڑ کر ننگا ہو جاتا اور ’
واصباحا‘ کا نعرہ لگاتا۔ یہ پوری قوم کے لیے الارم ہوتا اور سب تلواریں سونت سونت کر مدافعت کے لیے باہر نکل آتے۔ اِس کو ’نذیر عریاں‘ کہتے تھے۔ خدا کے رسول بھی اپنی قوم کو آنے والے عذاب سے آگاہ کرنے کے لیے آئے اور اُنھو ں نے بالکل اِس طرح لوگوں کو اُس سے آگاہ کیا گویا وہ عقب سے نمودار ہی ہونے والا ہے۔ اِس وجہ سے قرآن میں اُن کے لیے ’نَذِیْرٌ مُّبِیْنٌ‘ کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔‘‘(تدبرقرآن۴/ ۱۳۶)
۱۵۰؎ اِس سورہ کی آیت۲ کو دیکھیے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اپنی دعوت کی ابتدا اِسی بات سے کی تھی۔
۱۵۱؎ یہ تین معارضات ہیں جو نوح علیہ السلام کی قوم کے سرداروں نے اُن کی دعوت کے جواب میں پیش کیے۔ آگے اِنھی کا جواب ہے۔
۱۵۲؎ اصل میں لفظ ’بَیِّنَۃ‘ آیا ہے۔ اِس سے مراد وہی نور فطرت ہے جس کا ذکر اِس سے پہلے آیت ۱۷ میں ہو چکا ہے۔
۱۵۳؎ یعنی اپنی وحی میری طرف نازل کر دی۔
۱۵۴؎ مطلب یہ ہے کہ تمھارے کرتوتوں کی وجہ سے فطرت کا چراغ بھی تمھارے اندر گل ہو چکا اور اِس کے نتیجے میں وحی کے ذریعے سے آنے والی ہدایت بھی تاریکیوں میں کھو گئی، پھر اپنے فساد طبیعت کے باعث تم اِس طرح کی چیزوں سے بے زار بھی ہو تو میں تمھارے اوپر ایک ایسی چیز کس طرح چپکا سکتا ہوں، جس کے چپکنے کے لیے تمھارے اندر سرے سے کوئی مادئہ قبولیت ہی باقی نہیں رہ گیا ہے۔
۱۵۵؎ یہ اُس بات کا جواب ہے جو مخاطبین نے کہی تھی کہ تم تو ہمیں اپنے جیسے ایک انسان ہی لگتے ہو، پھر تمھیں پیغمبر کس طرح مانیں؟
۱۵۶؎ وہ یہ بات اِس بنیاد پر کہتے تھے کہ جب خدا نے دنیا کی رفاہیت کے لیے اِن کا نہیں، بلکہ ہمارا انتخاب کیا ہے تو آخرت کی نعمتوں کے لیے یہ کس طرح منتخب کیے جا سکتے ہیں۔
۱۵۷؎ سورہ کی تلاوت کے دوران میں یہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف التفات ہے جس میں سلسلۂ کلام کو روک کر مخاطبین کے ردعمل پر برسرموقع تبصرہ کیا گیا ہے۔
۱۵۸؎ اِس لیے کہ عذاب کی دھمکی کو وہ سرے سے لاف زنی سمجھتے تھے۔ چنانچہ کشتی بننے لگی تو اُنھوں نے یہی خیال کیا ہو گا کہ یہ نوح اور اُس کے ساتھیوں کے خلل دماغ کے سوا اور کیا ہو سکتا ہے۔
۱۵۹؎ یہ الفاظ مجانست کے اسلوب پر آئے ہیں اور اُس سرورو ابتہاج اور ازدیاد ایمان و اطمینان کی سرشاری کو بیان کرتے ہیں جو خدا کی نصرت کے ظہور پر اہل ایمان کو حاصل ہو گی۔ اِن کے معنی یہ نہیں ہیں کہ ہم بھی اُسی ابتذال پر اتر آئیں گے، جس پر تم اترے ہوئے ہو۔ استاذ امام لکھتے ہیں:
’’۔۔۔کسی کی مصیبت پر خوش ہونا عام حالات میں تو اچھی بات نہیں ہے، لیکن جن لوگوں پر اُس طرح حجت تمام ہو چکی ہو، جس طرح حضرت نوح اور اُن کے ساتھیوں نے اپنی قوم پر تمام کی، اُن پر عذاب الہٰی کا نزول حق کی فتح مندی اور باطل کی ہزیمت کا ایک یادگار واقعہ ہوتا ہے جس پر اہل ایمان کا خوش ہونا عین مقتضاے ایمان ہوتا ہے۔‘‘(تدبرقرآن۴/ ۱۴۱)
۱۶۰؎ رسولوں کی طرف سے اتمام حجت کے بعد جو عذاب آتا ہے، اُس کی نوعیت یہی ہوتی ہے۔ وہ آتا ہے تو اُسی وقت جاتا ہے، جب پوری قوم ایک داستان عبرت بن کر تاریخ کے عجائب خانوں کی نذر ہو جاتی ہے۔
۱۶۱؎ اصل میں ’فَارَالتَّنُّوْرُ‘ کے الفاظ آئے ہیں۔ یہ استعارے کے طور پر اُس طوفان کی تعبیر ہے جس میں تند سائیکلونی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی اور پاس کے سمندر اور دریا بھی ابل پڑے۔
۱۶۲؎ آیت میں ’مِنْ کُلٍّ‘ کے الفاظ معہود ذہنی کے لحاظ سے استعمال ہوئے ہیں۔ یعنی اُن جانوروں کا ایک ایک جوڑا جو اُس وقت لوگوں کے تصرف میں تھے اور طوفان کے بعد کی زندگی کے لیے ضروری تھے۔
۱۶۳؎ یعنی جن کے بارے میں پہلے دن سے طے ہو چکا ہے کہ اپنے کرتوتوں کی وجہ سے دنیا میں بھی عذاب سے دوچار ہوں گے اور آگے بھی جہنم کا ایندھن بن جائیں گے۔
۱۶۴؎ یہ حسرت و افسوس کا جملہ ہے کہ لوگوں کی بڑی اکثریت نوح علیہ السلام کی طرف سے کئی سوسال تک دعوت و انذار کے باوجود حق سے گریزاں رہی اور بالآخر طوفان کی نذر ہو گئی۔ اِس میں بالواسطہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ساتھیوں کے لیے تسلی کا پیغام بھی ہے کہ قریش کی مغرور اکثریت بھی اِنھی کے انجام کو پہنچتی ہے تو اِس پر تعجب نہ ہونا چاہیے۔ اِس سے پہلے بہت سی قومیں اِسی انجام کو پہنچ چکی ہیں۔
۱۶۵؎ یہ تفویض کا کلمہ ہے جس سے بندئہ مومن اسباب سے ماورا اپنے آپ کو مسبب الاسباب کے سپرد کر دیتا ہے۔
۱۶۶؎ اللہ تعالیٰ کی صفات کا یہ حوالہ انتہائی عجز کو ظاہر کرتا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ ہم اِس قابل تو نہیں تھے کہ ہم پر یہ عنایت کی جاتی، لیکن وہ گناہوں کو معاف کرنے والا اور نہایت مہربان ہے کہ نزول عذاب کی اِس گھڑی میں اُس نے ہمیں ہر تکلیف سے بچا لیا ہے۔
۱۶۷؎ تورات میں نوح علیہ السلام کے اِس بیٹے کا نام کنعان آیا ہے۔
۱۶۸؎ اِس جملے میں جذبۂ دعوت اور شفقت پدری ، دونوں کی روح جس طرح سموئی ہوئی ہے، اُسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔
۱۶۹؎ اِس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ ضد اور ہٹ دھرمی انسان کو کہاں تک لے جا سکتی ہے۔
۱۷۰؎ یہ بھی ممکن تھا کہ یہ منظر نوح علیہ السلام کو نہ دکھایا جاتا، لیکن اللہ تعالیٰ نے یہی چاہا کہ وہ یہ منظر اپنی آنکھوں سے دیکھیں۔ استاذ امام لکھتے ہیں:
’’۔۔۔یہ حضرت نوح کی وفاداری کا آخری امتحان تھا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حضرات انبیا کیسے کیسے امتحانوں سے گزارے جاتے ہیں، لیکن اللہ کی توفیق سے وہ ہر امتحان میں ثابت قدم رہتے ہیں۔ نیز اِس سے یہ حقیقت بھی واضح ہوتی ہے کہ خدا کا قانون جب اتنا بے لاگ ہے کہ نوح کا بیٹا بھی نافرمان ہو تو وہ اُس کی گردن بھی عین باپ کے سامنے دبا دیتا ہے تو تابہ دیگراں چہ رسد۔‘‘ (تدبرقرآن۴/ ۱۴۴)
۱۷۱؎ یعنی اُدھر وہ ڈوبا اور اِدھر یہ حکم صادر ہو گیا۔ استاذ امام کے الفاظ میں یہ اِس ہول ناک ٹریجڈی کا آخری منظر تھا۔ اِس کے سامنے آجانے کے بعد فوراً آسمان و زمین ، سب کو احکام صادر ہو گئے کہ بس اب کام پورا ہو چکا!
۱۷۲؎ یہ کوہستان اراراط کی ایک چوٹی کا نام ہے۔ آرمینیا کی سطح مرتفع سے شروع ہو کر یہ سلسلۂ کوہستان جنوب میں کردستان تک چلتا ہے۔ بائیبل میں اِسی بنا پر صرف اراراط کا نام آیا ہے۔ قرآن نے خاص اُس چوٹی کا ذکر ، جہاں کشتی جا کر رکی تھی، اِس لیے کیا ہے کہ اِس سے طوفان کی ہول ناکی کا کچھ اندازہ کیا جا سکے کہ اُس میں پانی کہاں تک پہنچ گیا تھا۔
۱۷۳؎ اوپر بیان ہوا ہے کہ نوح علیہ السلام کو حکم دیا گیا تھا کہ اپنے اہل و عیال کو بھی کشتی میں سوار کرا لو۔ یہ بات اُنھوں نے اِسی بنا پر کہی ہے، اِس لیے کہ اُس وقت تک تعین کے ساتھ اُن کے علم میں نہیں تھا کہ اُن کا یہ بیٹا بھی خدا کے فیصلے کی زد میں آچکا ہے۔
۱۷۴؎ یہ دعا اُس وقت کی ہے، جب نوح علیہ السلام نے بیٹے کو ڈوبتے دیکھا، لیکن اِس کا ذکر یہاں ہوا ہے۔ اِس کی وجہ کیا ہے؟ استاذ امام لکھتے ہیں:
’’۔۔۔ خدا کی نگاہوں میں یہ شخص حضرت نوح کا بیٹا ہونے کے باوجود ایسا نابکار تھاکہ جب تک خدا نے اُس کو غرق نہیں کر لیا، اُس کے باب میں حضرت نوح کی دعا کو زیربحث لانا بھی پسند نہیں فرمایا۔ اِس غضب کی وجہ ظاہر ہے کہ اِس دنیا میں اگر کسی انسان کوسب سے بڑی سعادت اور خوش بختی حاصل ہو سکتی ہے تو وہ یہی ہوسکتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اُس کو کسی پیغمبر کے گھرمیں جنم دے، لیکن یہی خوش بختی سب سے بڑی بدبختی بھی ہو سکتی ہے ،اگر وہ اِس کی قدر نہ کرے اور ولی کے گھر میں شیطان بن کر اٹھے۔ چنانچہ کلام کی ترتیب ہی سے یہ بات صاف عیاں ہے کہ اِس شخص کو خدا نے سب سے زیادہ مبغوض قرار دیا۔ گویا سارے طوفان کا اصلی ہدف تھا ہی یہی کہ جب یہ ڈوب گیا تو معاً طوفان کے خاتمے کا اعلان ہو گیا۔‘‘(تدبرقرآن۴/ ۱۴۵)
۱۷۵؎ اِس کی وجہ یہ بیان فرمائی ہے کہ ’اِنَّہٗ عَمَلٌ غَیْرُ صَالِحٍ‘(وہ نہایت نابکار ہے)۔ اِس سے واضح ہو گیا کہ پیغمبر کا گھرانا محض نسب سے نہیں بنتا، بلکہ ایمان اور عمل صالح سے بنتا ہے۔
۱۷۶؎ اِس برکت اور سلامتی کا ظہور اِس طرح ہوا کہ بعد میں اِنھی چند نفوس کی اولاد تمام روے زمین پر چھا گئی۔
۱۷۷؎ یعنی جو دینونت اِس وقت برپا ہوئی ہے، وہ بعد میں بھی وقتاً فوقتاً برپا ہوتی رہے گی اور جن لوگوں کو نجات ہوئی ہے، اُن کی اولاد میں سے جو ظالم ہوں گے، پیغمبروں کی طرف سے اتمام حجت کے بعد وہ بھی اِسی طرح کیفر کردار کو پہنچتے رہیں گے۔
۱۷۸؎ یہ اِس لیے فرمایا ہے کہ رسولوں سے متعلق سنت الہٰی یہی ہے کہ وہ اور اُن کے ساتھی کامیاب ہوتے اور اُن کے مخالفین لازماً نامراد ہوجاتے ہیں۔
۱۷۹؎ عاد عرب کی قدیم ترین قوم ہے۔ یہ سامی نسل سے تعلق رکھتے تھے۔ اِن کا مسکن احقاف کا علاقہ تھا جو حجاز، یمن اور یمامہ کے درمیان الربع الخالی کے جنوب مغرب میں واقع ہے۔ عرب کے لٹریچر میں یہ اپنی قدامت کے لیے بھی ضرب المثل ہیں اور اپنی قوت و شوکت کے لیے بھی۔ حضرت ہود اِنھی کے ایک فرد تھے جنھیں رسول کی حیثیت سے اِن کی طرف مبعوث کیا گیا۔ قرآن نے امتنان و احسان کے لیے فرمایا ہے کہ عاد کی طرف ہم نے کسی اجنبی شخص کو نہیں ، بلکہ اُنھی کے بھائی ہود کو بھیجا تاکہ اُن پر ہماری حجت ہر لحاظ سے پوری ہو جائے۔
۱۸۰؎ توبہ کے دو ارکان ہیں: ایک یہ کہ آدمی غلطی سے دست بردار ہو جائے اور دوسرا یہ کہ صحیح بات کی طرف پلٹ آئے۔ پہلے رکن کے لیے قرآن میں استغفار اور دوسرے کے لیے توبہ کا لفظ آتا ہے۔ استاذ امام لکھتے ہیں:
’’۔۔۔اِن میں سے پہلے کی بنیاد خشیت پر ہے اور دوسرے کی محبت پر۔ پھر شعور اور احساس اِن کا لازمی جزو ہے۔ جب تک یہ تمام عناصر جمع نہ ہوں، مجرد ’توبہ توبہ‘ یا ’استغفر اللہ‘ کے ورد سے وہ توبہ وجود میں نہیں آتی جو خدا کے ہاں قبولیت کا درجہ پائے ۔‘‘(تدبرقرآن۴/ ۱۴۸)
۱۸۱؎ یہ رسولوں کی دعوت پر اجتماعی توبہ کی برکتیں ہیں جو قرآن میں دوسرے مقامات پر بھی بیان ہوئی ہیں، یعنی رزق و فضل اور سیاسی قوت میں اضافہ جس کے لیے اللہ تعالیٰ آسمان کے دروازے کھول دیتے اور توبہ کرنے والوں کے لیے زمین پر اقتدار اور تمکن کے راستے ہموار کر دیتے ہیں۔
۱۸۲؎ یعنی کوئی ایسا حسی معجزہ جو فیصلہ کن ہو جائے۔
۱۸۳؎ اُن لوگوں کی بات چونکہ انتہائی بے ہودہ تھی، اِس لیے ہود علیہ السلام کی غیرت توحید بھڑک اٹھی ہے اور اُنھوں نے پورے جوش و جذبے کے ساتھ شرک سے براء ت کا اعلان کر دیا ہے۔ پھر آگے دیکھیے تو اِسی بنا پر اُنھیں چیلنج بھی کر دیا ہے کہ تم اور تمھارے معبود میرے خلاف جو کر سکتے ہو، کرکے دیکھ لو۔ تمھیں معلوم ہو جائے گا کہ خدا پر سچا ایمان کیا ہوتا ہے اور میں کس کے بھروسے پر توحید کی یہ دعوت لے کر اٹھا ہوں۔
۱۸۴؎ یعنی اُس کی معرفت کے لیے کج پیچ کے راستوں سے گزرنے اور اُس کی بارگاہ تک رسائی کے لیے واسطے اور وسیلے تلاش کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ عقل و فطرت اُسے براہ راست پہچانتی ہے اور آدمی دل کی سچائی کے ساتھ اُس کی طرف متوجہ ہو جائے تو وہ بالکل سیدھی راہ پر اُس کے سامنے موجود ہوتا ہے۔
۱۸۵؎ مطلب یہ ہے کہ اب عذاب استیصال آئے گا، تمھاری جڑ کاٹ دی جائے گی اور کوئی دوسری قوم تمھاری جگہ لینے کے لیے اٹھے گی۔ اپنی تمام قوت و شوکت کے باوجود تم خدا کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں کر سکو گے۔
۱۸۶؎ یہ عذاب کس طرح نازل ہو ا؟ قرآن میں اِس کی تفصیلات سے معلوم ہوتا ہے کہ سرما کے بادل رعد و برق کے ساتھ نمودار ہوئے اور باد صر صر آندھی اور طوفان بن کر پوری بستی پرٹوٹ پڑی، یہاں تک کہ ہر چیز فنا ہو گئی۔
۱۸۷؎ اُن کی طرف اگرچہ ایک ہی رسول کی بعثت ہوئی تھی، مگر کوئی رسول بھی یہ دعوت اُن کے سامنے پیش کرتا، اُس کے ساتھ وہ یہی کرتے، اِس لیے ایک رسول کی نافرمانی کو تمام رسولوں کی نافرمانی قرار دیا ہے۔
۱۸۸؎ یہ عاد کے بقایا میں سے ہیں۔ اِسی بنا پر اِنھیں عاد ثانی کہا جاتا ہے۔ عرب کی قدیم اقوام میں سے یہ دوسری قوم ہے جس نے عاد کے بعد غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ اِن کا مسکن شمال مغربی عرب کا وہ علاقہ ہے جسے الحجر کہا جاتا ہے۔ اِن کے اور عاد کے اوصاف قرآن میں بھی اور عرب کی روایات میں بھی تقریباً ایک ہی جیسے بیان ہوئے ہیں۔
۱۸۹؎ اصل الفاظ ہیں: ’اَتَنْھٰنَآ اَنْ نَّعْبُدَ‘۔اِن میں ’عَنْ‘ محذوف ہو گیا ہے، یعنی ’أَتَنْھٰنَا عَنْ أَنْ نَّعْبُدَ‘۔
۱۹۰؎ یعنی تمام معبودوں کو چھوڑ کر ایک خدا کی پرستش جس سے ہر پیغمبر نے اپنی دعوت کی ابتدا کی ہے۔
۱۹۱؎ یہی الفاظ پیچھے نوح علیہ السلام کی سرگذشت میں بھی آئے ہیں۔ وہاں ہم نے اِن کی وضاحت کر دی ہے۔
۱۹۲؎ اشارہ ہے اُن توقعات کی طرف جو اُن کی قوم کے لوگ اُن سے رکھتے تھے کہ اُن سے باپ دادا کا نام روشن ہو گا اور اُن کے آبائی دین اور قومی روایات کی عزت بڑھے گی۔
۱۹۳؎ مطلب یہ ہے کہ خدا کے حکم پر میں نے اپنی اونٹنیوں میں سے ایک اونٹنی نامزد کر دی ہے۔ یہ خدا کی نذر ہے، چنانچہ اِس لحاظ سے اللہ کی اونٹنی ہے۔ تمھارے لیے یہ خدا کے عذاب کی نشانی ہے۔ اِس کو گزند پہنچاؤ گے تو سمجھ لو کہ امان کی دیوار گر گئی۔ اِس کے بعد قہر الہٰی کے سیلاب کو کوئی چیز تمھاری بستیوں میں داخل ہونے سے روک نہیں سکے گی۔
۱۹۴؎ اونٹنی کومارنے کا جرم اگرچہ اُن کے ایک سرکش سردار نے کیا تھا، مگر قرآن نے اُسے پوری قوم کی طرف منسوب کیا ہے۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ باقی متمردین بھی اُس پر راضی تھے۔
۱۹۵؎ یہ اونٹنی قوم کی سرکشی کو جانچنے کا ایک پیمانہ تھی۔ اِس کو مارنے سے واضح ہو گیا کہ یہ لوگ اب مزید مہلت کے مستحق نہیں رہے۔ چنانچہ صالح علیہ السلام نے اپنے پروردگار کے ایما سے اُنھیں یہ نوٹس دے دیا۔
۱۹۶؎ یعنی عذاب کا حکم صادر ہو گیا۔ اِس کے لیے اصل میں لفظ ’اَمْر‘ آیا ہے۔ اِس میں بلاغت یہ ہے کہ جیسے ہی حکم صادر ہوا، اُس کے ساتھ ہی عذاب آگیا۔ گویا عذاب اُسی ایک لفظ کے اندر چھپا ہوا تھا۔
۱۹۷؎ اِس جملے میں ایک جگہ فعل اور ایک جگہ اُس کا متعلق عربیت کے اسلوب پر محذوف ہے۔ ہم نے ترجمے میں اُنھیں کھول دیا ہے۔
۱۹۸؎ اِس میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ساتھیوں کے لیے تسلی ہے کہ مطمئن رہو، اُس کی یہی قوت و عزت قریش کے معاملے میں بھی ظاہر ہو گی اور بالآخر وہی غالب رہے گا۔
۱۹۹؎ اِس سے سیدنا ابراہیم کی فیاضی اور مہمان نوازی کا اندازہ ہوتا ہے کہ اُنھوں نے اپنے مہمانوں کے لیے فوراً گلے کا ایک بچھڑا ذبح کرا دیا۔ اُن کے سامنے، ظاہر ہے کہ اُس کا کچھ گوشت پیش کیا گیا ہو گا، مگر قرآن نے ابراہیم علیہ السلام کی شخصیت کے اِس پہلو کو نمایاں کرنے کے لیے گوشت کے بجاے بچھڑے کا ذکر کیا ہے۔
۲۰۰؎ ڈرنے کی وجہ غالباً یہ اندیشہ تھا کہ کھانا نہیں کھا رہے تو ہو سکتا ہے کہ فرشتے ہوں اور اگر فرشتے ہیں اور انسانی صورت میںآئے ہیں تو کہیں میری یا میرے گھر والوں کی کسی غلطی پر تنبیہ کے لیے تو نہیں آئے۔
۲۰۱؎ انسان اگر خوف کی حالت میں ہو اور خوف کا سبب اچانک دور ہو جائے تو اِس طرح کی ہنسی بعض اوقات بے اختیار آجاتی ہے۔
۲۰۲؎ فرشتوں نے یہ خوش خبری خدا کی طرف سے دی تھی، اِس لیے فرمایا ہے کہ ہم نے خوش خبری دی۔ استاذ امام کے الفاظ میں اِس خوش خبری کے اندر عنایت خاص اور تکمیل مسرت کے جو گوناگوں پہلو ملحوظ ہیں، وہ محتاج بیان نہیں اور بیٹے کے ساتھ پوتے کی بشارت نے گویا یہ اطمینان بھی دلا دیا کہ بیٹا زندہ رہے گا، اچھی عمر پائے گا اور اُس کے صلب سے نام ور پوتا بھی پیدا ہو گا۔
۲۰۳؎ یہ اظہار تعجب جن الفاظ میں ہوا، اُن کے پیچھے یہ خواہش صاف نظر آرہی ہے کہ بشارت کے ظہور میں جو ظاہری رکاوٹیں ہیں، اُن کے بارے میں بھی اطمینان ہو جائے کہ اُن کے باوجود یہ بشارت پوری ہوجائے گی۔
۲۰۴؎ اصل الفاظ ہیں:’رَحْمَتُ اللّٰہِ وَبَرَکٰتُہٗ عَلَیْکُمْ اَہْلَ الْبَیْتِ‘۔اِن میں ’عَلَیْکُمْ‘ کی ضمیر جمع مذکر ہے۔عربی زبان میں گھر کی عورتوں کے لیے یہی شایستہ انداز خطاب ہے۔ اِس میں پردہ داری اور ادب و احترام کے جو تقاضے ملحوظ ہیں، اُن کا اندازہ ہر صاحب ذوق آسانی کے ساتھ کر سکتا ہے۔۲۰۵؎ یہ بحث کیا تھی اور اپنے اندر ابراہیم علیہ السلام کی دردمندی، محبت، دل سوزی، غم خواری اور اپنے پروردگار سے ناز و اعتماد کے کیا کیا پہلو سمیٹے ہوئے تھی، اُنھیں دیکھنے کے لیے بائیبل میں اِس کی روداد پڑھنی چاہیے۔ پیدائش میں ہے:
’’۔۔۔پر ابراہام خداوند کے حضور کھڑا ہی رہا۔ تب ابراہام نے نزدیک جا کر کہا: کیا تو نیک کو بد کے ساتھ ہلاک کرے گا؟ شاید اُس شہر میں پچاس راست باز ہوں۔ کیا تو اُسے ہلاک کرے گا اور اُن پچاس راست بازوں کی خاطر جو اُس میںہوں، اُس مقام کو نہ چھوڑے گا؟ ایسا کرنا تجھ سے بعید ہے کہ نیک کو بد کے ساتھ مار ڈالے اور نیک بد کے برابر ہو جائیں۔ یہ تجھ سے بعید ہے۔ کیا تمام دنیا کا انصاف کرنے والا انصاف نہ کرے گا؟ اور خداوند نے فرمایا کہ اگر مجھے سدوم میں شہر کے اندر پچاس راست باز ملیں تو میں اُن کی خاطر اُس مقام کو چھوڑ دوں گا۔ تب ابراہام نے جواب دیا اور کہا کہ دیکھیے، میں نے خداوند سے بات کرنے کی جرأ ت کی، اگرچہ میں خاک اور راکھ ہوں۔ شاید پچاس راست بازوں میں پانچ کم ہوں۔ کیا اُن پانچ کی کمی کے سبب سے تو تمام شہر کو نیست کرے گا؟ اُس نے کہا: اگر مجھے وہاں پینتالیس ملیں تو میں اُسے نیست نہیں کروں گا۔ پھر اُس نے اُس سے کہا کہ شاید وہاں چالیس ملیں۔ تب اُس نے کہا کہ میں اُن چالیس کی خاطر بھی یہ نہیں کروں گا۔ پھر اُس نے کہا: خداوند ناراض نہ ہو تو میں کچھ اور عرض کروں۔ شاید وہاں تیس ملیں۔ اُس نے کہا: اگر مجھے وہاں تیس بھی ملیں تو بھی ایسا نہیں کروں گا۔ پھر اُس نے کہا، دیکھیے، میں نے خداوند سے بات کرنے کی جرأ ت کی۔ شاید وہاں بیس ملیں۔ اُس نے کہا: میں بیس کی خاطر بھی اُسے نیست نہیں کروں گا۔ تب اُس نے کہا: خداوند ناراض نہ ہوں تو میں ایک بار اور کچھ عرض کروں۔ شاید وہاں دس ملیں۔ اُس نے کہا: میں دس کی خاطر بھی اُسے نیست نہیں کروں گا۔‘‘ (۱۸: ۲۲-۳۳)
۲۰۶؎ ہم پیچھے بیان کر چکے ہیں کہ رسولوں کی طرف سے اتمام حجت کے بعد جو عذاب آتا ہے، اُس کی نوعیت یہی ہوتی ہے۔ وہ جب ایک مرتبہ آجاتا ہے تو اُسی وقت جاتا ہے، جب کچھ باقی نہیں رہتا۔
۲۰۷؎ حضرت لوط سیدنا ابراہیم علیہ السلام کے بھتیجے تھے۔ اُن کی قوم اُس علاقے میںرہتی تھی جو شام کے جنوب میں عراق و فلسطین کے درمیان واقع ہے اور آج کل شرق اردن کہلاتا ہے۔ بائیبل میں اُن کے سب سے بڑے شہر کا نام سدوم بتایا گیا ہے۔ لوط علیہ السلام کا تعلق اُس قوم کے ساتھ وہی تھا جو حضرت موسیٰ کا قوم فرعون کے ساتھ تھا۔ قرآن کے دوسرے مقامات میں اُن کی بیوی کا ذکر جس اسلوب میں ہوا ہے، اُس سے اشارہ نکلتا ہے کہ اُن کی شادی اُسی قوم کے اندر ہوئی تھی اور اِس لحاظ سے وہ اُنھی کے ایک فرد بن چکے تھے۔
۲۰۸؎ آگے کی آیتوں سے صاف مترشح ہوتا ہے کہ فرشتے نہایت خوب رو اور نوخیز لڑکوں کی صورت میں آئے تھے۔ حضرت لوط جانتے تھے کہ اُن کی قوم اِس معاملے میں کیسی بدکردار اور کتنی بے حیا ہو چکی ہے۔ یہی سبب تھا کہ اُن کو دیکھ کر وہ سخت پریشان ہو گئے۔
۲۰۹؎ لوط علیہ السلام کی طرف سے یہ اُن اوباشوں کے لیے کیا کوئی پیش کش تھی؟ استاذ امام لکھتے ہیں:
’’۔۔۔یہ پیشکش نہیں، بلکہ اپنی قوم کے ضمیر کو جگانے اور جھنجھوڑنے کے لیے گویا حضرت لوط کی آخری بے تابانہ فریاد تھی کہ وہ سوچیں کہ ایک اللہ کا بندہ یہ ہے جو اپنے مہمانوں کی عزت کے معاملے میں اتنا حساس ہے کہ اُس کے لیے اپنی عزیز سے عزیز شے کو قربان کرنے پر تیار ہے اور ایک ہم ہیں کہ اندھے ہو کر اُس کے مہمانوں پر ٹوٹ پڑے ہیں۔ اِسی طرح اُنھوں نے اللہ کا خوف بھی یاد دلایا اور آخر میں ’اَلَیْسَ مِنْکُمْ رَجُلٌ رَّشِیْدٌ‘ کہہ کر گویا پوری طرح اُن پر حجت تمام کر دی۔ اِس لیے کہ کسی کے اندر اگر رائی برابر بھی حق کی حمیت و حمایت کا احساس ہوتا تو اِس فقرے کے بعد تو اُس کو ضرور حرکت میں آجانا تھا، لیکن جب اِس کے بعد بھی کوئی ضمیر بیدار نہیں ہوا تو اِس کے صاف معنی یہ ہیں کہ کسی کے اندر حس انسانیت و شرافت سرے سے باقی ہی نہیں رہ گئی تھی۔‘‘(تدبرقرآن ۴/ ۱۵۸)
۲۱۰؎ مطلب یہ ہے کہ بات کو الجھانے کی کوشش نہ کرو۔ ہم یہاں تمھاری بیٹیوں کو بیاہ کر لے جانے کے لیے نہیں آئے اور تم جانتے ہو کہ اُس کے بغیر ہمارا کوئی حق اُن پر قائم نہیں ہوتا۔ اِس لیے جو کچھ ہم کرنا چاہتے ہیں ، کرنے دو، اُس کی راہ میں رکاوٹ نہ بنو۔
۲۱۱؎ یہ انتہائی اضطراب ، مایوسی اور بے بسی کا جملہ ہے جس نے گویا آخری حجت تمام کر دی۔ چنانچہ فرشتوں نے بھی اِس کے بعد حقیقت سے پردہ اٹھا دیا۔
۲۱۲؎ پیغمبروں کی طرف سے اتمام حجت کے بعد اُن کی قومیں بالعموم پتھر برسانے والی آندھی سے تباہ کی گئی ہیں۔ قرآن نے دوسری جگہ اِسے ’حَاصِب‘ سے تعبیر کیا ہے۔ یہ اُسی کا بیان ہے۔
۲۱۳؎ یعنی پہلے سے مقدر کر دیے گئے تھے کہ یہ پتھر قوم لوط کی بستی پر برسانے کے لیے ہیں۔
۲۱۴؎ مطلب یہ ہے کہ ہماری بھیجی ہوئی باد تند نے اُنھی کے پاؤں میں سے اٹھا کر اُن کے سروں پر برسا دیے۔ اُن کے لانے کے لیے ہمیں کوئی اہتمام نہیں کرنا پڑا۔
۲۱۵؎ یہ بستی ابراہیم علیہ السلام کے صاحب زادے مدیان کے نام پر مدین یا مدیان کہلاتی تھی، جو اُن کی تیسری بیوی قطورا کے بطن سے تھے۔اِس میں زیادہ تر اُنھی کی نسل آباد تھی۔ اِس کا اصل علاقہ حجاز کے شمال مغرب اور فلسطین کے جنوب میں بحر احمر اور خلیج عقبہ کے کنارے پر واقع تھا، مگر اِس کا کچھ سلسلہ جزیرہ نماے سینا کے مشرقی ساحل پر بھی پھیلا ہوا تھا۔ اُس زمانے کی دو بڑی تجارتی شاہ راہیں اِسی علاقے سے گزرتی تھیں، اِس وجہ سے مدین کے لوگوں نے بھی تجارت میں بہت ترقی کر لی تھی۔
۲۱۶؎ اِس سے معلوم ہوا کہ شرک کے بعد جو سب سے بڑی برائی سیدنا شعیب کی قوم میں پیدا ہو چکی تھی، وہ یہی ناپ تول میں کمی تھی جسے اُن ظالموں نے اپنے لیے ہنر بنا لیا تھا۔
۲۱۷؎ یہ اُنھوں نے اِس لیے فرمایا کہ وہ خدا کے رسول تھے اور رسولوں کے باب میں یہی سنت الہٰی ہے جو ہمیشہ جاری رہی۔
۲۱۸؎ یعنی میر اکام تبلیغ و دعوت اور انذار و بشارت ہے۔ اِس سے زیادہ میری کوئی ذمہ داری نہیں ہے۔ مجھے تم پر داروغہ نہیں بنایا گیا کہ میں ضرور ہی تمھیں راہ راست پر لے آؤں۔
۲۱۹؎ یہ درحقیقت ایک طنزیہ فقرہ ہے اور نماز کا ذکر اِس میں دین داری کی علامت کے طور پر ہوا ہے، اِس لیے کہ اُس کا سب سے نمایاں ظہور نماز ہی کی صورت میں ہوتا ہے۔ استاذ امام لکھتے ہیں:
’’۔۔۔ مطلب یہ کہ تم نماز وغیرہ پڑھتے تھے تو اُس سے خیال تو یہ ہوتا تھا کہ تم سے باپ دادا کا نام بھی روشن ہو گا اور قوم کے لیے بھی کچھ کامیابی کی راہیں کھلیں گی، مگر خوب نکلی تمھاری یہ نماز کہ وہ ماضی و حاضر، سب کی بساط لپیٹ کر رکھ دینا چاہتی ہے۔ یہ امر یہاں ملحوظ رہے کہ حضرت شعیب کی نیک اور پاکیزہ زندگی سے چونکہ مفسدین کو اندیشہ تھا کہ وہ لوگ متاثر ہوں گے جو بالطبع نیک ہیں ،اِس وجہ سے اُنھوں نے اُن کی نیکیوں ہی کو اپنے طنز کا ہدف بنالیا، گویا سارے فساد کی جڑ وہی ہیں۔‘‘ (تدبرقرآن۴/ ۱۶۱)
۲۲۰؎ یعنی نور فطرت جو اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کے اندر ودیعت فرمایا ہے۔
۲۲۱؎ وحی کو رزق حسن سے تعبیر کرنے کی وجہ یہ ہے کہ انسان کی روحانی زندگی کی بقا اِسی پر منحصر ہے۔
۲۲۲؎ یہ جواب شرط ہے جو اصل میں محذوف ہے۔
۲۲۳؎ یعنی تمھارے خریداروں کو تم سے بدگمان کرکے بستی میں فساد پیدا کر دوں، دراں حالیکہ تم سے کہہ رہا ہوں کہ ’لاَ تَعْثَوْا فِی الْاَرْضِ مُفْسِدِیْنَ‘۔
۲۲۴؎ ہم پیچھے بیان کر چکے ہیں کہ توبہ کے لیے استغفار اور اصلاح، دونوں ضروری ہیں۔ یہ اُنھی کی ہدایت فرمائی ہے۔
۲۲۵؎ یہ ترغیب و تشویق بھی ہے اور قبولیت توبہ کی بشارت بھی۔ استاذ امام لکھتے ہیں:
’’۔۔۔مدعا یہ ہے کہ تمھارے جرائم کتنے ہی سنگین ہوں، لیکن جب تم صدق دل سے اُس کی طرف رجوع کرو گے تو وہ تمھیں ٹھکرائے گا نہیں، بلکہ معاف کر کے اپنی رحمتوں سے نوازے گا۔ وہ نہایت مہربان اور محبت کرنے والا ہے۔‘‘(تدبرقرآن۴/ ۱۶۳)
۲۲۶؎ لوگوں کو اُن کے مالوفات کے خلاف کوئی دعوت دی جائے تو وہ بالعموم اِسی طرح کا تبصرہ کرتے ہیں۔ اِس میں ایک نوعیت کی تعریض بھی ہوتی ہے کہ تمھاری باتیں سمجھنے کی کہاں ہیں کہ کوئی معقول آدمی اُن کو سمجھنے کی کوشش کرے۔ ایسی مہمل اور دور ازکار باتیں کب کسی کی سمجھ میں آتی ہیں۔
۲۲۷؎ یہ عام کے بعد خاص کا ذکر ہے اور اِس سے عصا کا معجزہ مراد ہے۔ اِس لیے کہ یہی وہ سند ماموریت تھی جس نے ساحروں کے مقابلے میں ایک حجت قاہرہ بن کر موسیٰ علیہ السلام کے دعواے نبوت کو بالکل آخری درجے میں ثابت کر دیا تھا۔ آیت میں اِسی لحاظ سے اِس کو ’سُلْطٰنٌ مُّبِیْن‘ سے تعبیر فرمایا ہے۔
۲۲۸؎ موسیٰ علیہ السلام کی سرگذشت سورئہ یونس میں بڑی تفصیل کے ساتھ بیان ہوئی ہے اور دوسرے پیغمبروں کا حوالہ بالاجمال آیا ہے۔ اِس سورہ میں معاملہ اِس کے برعکس ہے۔ اِس سے معلوم ہوا کہ یہ دونوں سورتیں ایک دوسرے کی تکمیل کر رہی ہیں۔ قرآن مجید کی سورتوں میں اِسی طرح کی چیزیں ہیں جو بتاتی ہیں کہ دونوں سورتیں توام ہیں۔
[باقی]
ـــــــــــــــــــــــــ