HomeQuranHadithMizanVideosBooksBlogs
مصنف : متفرق

ایثار کی اعلیٰ ترین نظیر

کافروں نے یہ کیا جنگ اُحد میں مشہور

کہ پیمبر بھی ہوئے کشتۂ شمشیر دو دم

ہو کے مشہور مدینہ میں جو پہنچی یہ خبر

ہر گلی کوچہ تھا ماتم کدۂ حسرت و غم

ہو کے بیتاب گھروں سے نکل آئے باہر

کودک و پیر و جوان و خدم و خیل و حشم

وہ بھی نکلیں کہ جو تھیں پردہ نشینان عفاف

جن میں تھیں سیّدۂ پاک بھی بادیدہ نم

ایک خاتون کہ انصاروں کو نام سے تھیں

سخت مضطر تھیں نہ تھے ہوش و حواس ان کے بہم

موقع جنگ پہ پہنچیں تو یہ لوگوں نے کہا

کیا کہیں تجھ سے کہ کہتے ہوئے شرماتے ہیں ہم

تیرے بھائی نے لڑائی میں شہادت پائی

تیرے والد بھی ہوئے کشتۂ شمشیر ستم

سب سے بڑھ کر یہ کہ شوہر بھی ہوا تیرا شہید

گھر کا گھر صاف ہوا ٹوٹ پڑا کوہِ الم

اُس عفیفہ نے یہ سب سن کے کہا تو یہ کہا

یہ تو بتلاؤ کہ کیسے ہیں شہنشاہِ اُمم

سب نے دی اُس کو بشارت کہ سلامت ہیں حضور

گرچہ زخمی ہیں سر و سینہ و پہلو و شکم

بڑھ کے اُس نے رُخ اقدس کو جو دیکھا تو کہا

تو سلامت ہے تو پھر ہیچ ہیں سب رنج و الم

میں بھی اور باپ بھی شوہر بھی برادر بھی فدا

اے شہ دیں ترے ہوتے ہوئے کیا چیز ہیں ہم

____________

 

B