HomeQuranHadithMizanVideosBooksBlogs
مصنف : نعیم احمد

اس شمارے میں

’’قرآنیات‘‘ میں جناب جاوید احمد غامدی صاحب کا ترجمۂ قرآن ’’البیان‘‘ شائع کیا گیا ہے۔ یہ قسط سورۂ حجر (۱۵) کی آیات ۱۔۲۵ کے ترجمہ اور حواشی پر مشتمل ہے۔ ان آیات میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو خطاب کر کے اس کتاب کو اتارنے کا مقصد واضح فرمایا ہے۔ حضرت موسیٰ کی بعثت اور ان کا اپنی قوم کو ایمان کی روشنی کی طرف لانا بیان ہوا ہے۔ نیز شرکیہ عقائد و نظریات کے باطل ہونے کا ذکر اور توحید کی حقانیت واضح فرمائی ہے۔

’’معارف نبوی‘‘ کے تحت شاہد رضا صاحب کے مضمون ’’نیکی میں تعاون‘‘ میں ذکر ہے کہ کسی کا نیکی کے کام میں تعاون بھی نیکی کرنے کے زمرے میں شامل ہے۔ یہ معز امجد صاحب کے ایک انگریزی مضمون کا اردو ترجمہ ہے۔

’’مقامات‘‘ میں جناب جاوید احمد غامدی صاحب کا مضمون ’’مسلم اور غیر مسلم‘‘ اس اشاعت میں شامل ہے۔ اس مضمون میں انھوں نے مسلم اور غیر مسلم کا فرق اور کسی کو کافر کہنے یا قرار دینے کی حقیقت کو واضح کیا ہے۔

’’مقالات‘‘ میں امام حمید الدین فراہی صاحب کا مضمون ’’مذاہب پر غور کا طریقہ‘‘ شامل اشاعت ہے۔ اس میں انھوں نے مذاہب پر غور کرنے اور ان کے بارے میں جاننے کے لیے چند نکات بیان کیے ہیں۔ اسی کے تحت امام امین احسن اصلاحی صاحب نے اپنے مضمون ’’شیعہ سنی فسادات کا مسئلہ‘‘ میں محرم الحرام کے مہینے میں ہونے والے فسادات کے محرکات اور ان کے سدباب کا ذکر کیا ہے۔

’’سیر و سوانح‘‘ کے تحت محمد وسیم اختر مفتی صاحب نے اپنے مضمون کے تیسرے حصے میں حضرت ابو ذر غفاری رضی اﷲ عنہ کا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی معیت میں گزرے ہوئے وقت اور فیض تربیت کا ذکر کیا ہے۔

’’نقطۂ نظر‘‘ کے تحت رضوان اللہ صاحب نے اپنے مضمون ’’بعد از موت‘‘ کے نویں حصے میں ان ذہنی اور جسمانی سزاؤں کا ذکر کیا ہے جو دوزخ میں مجرموں کو دی جائیں گی۔ اسی کے تحت رانا معظم صفدر صاحب نے اپنے مضمون میں پولیو ویکسینیشن کی افادیت کا ذکر اور اس کی مخالفت میں لوگوں کے ذہنوں میں پائے جانے والے تاثر کو زائل کیا ہے۔ یہ ڈاکٹر خالد ظہیر صاحب کے انگریزی مضمون ’’Hostility to Polio Vaccine‘‘ کا اردو ترجمہ ہے۔

’’یسئلون‘‘ میں مولانا اصلاحی صاحب سے پوچھا گیا یہ سوال نقل کیا گیا ہے کہ غلاف کعبہ کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ دوسرے اس کی تعظیم و احترام کے حدود کیا ہیں؟ اسی کے تحت حروف مقطعات پر تشدید کے بارے میں رضوان اللہ صاحب سے پوچھا گیا سوال شائع کیا گیا ہے۔

’’ادبیات‘‘ میں جاوید احمد غامدی صاحب کی ایک غزل شامل اشاعت ہے۔

____________

 

B