HomeQuranHadithMizanVideosBooksBlogs
مصنف : نعیم احمد

اس شمارے میں

۲۲ ؍ اپریل ۲۰۱۴ء کو ’’المورد‘‘ ادارۂ علم و تحقیق کے ریسرچ فیلو جناب عبدالستار غوری وفات پا گئے۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ۲۱ ؍ اپریل پیر کی صبح انھیں دل کا دورہ پڑا۔ لاہور کے جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں ایک دن بے ہوشی میں رہے اور پھر اگلے دن فجر سے کچھ پہلے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ان کی میت کو ٹیکسلا میں سپرد خاک کیا گیا:

آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے

سبزۂ نو رستہ ا س گھر کی نگہبانی کرے

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان کی لغزشوں سے درگذر فرمائے، ان کے درجات کوبلند کرے اورانھیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

جناب عبدالستار غوری کم و بیش بیس سال تک فیلو کی حیثیت سے ’’المورد‘‘کے ساتھ وابستہ رہے۔ وہ قدیم صحائف کے ایک بڑے عالم اور محقق تھے۔ علمی تحقیق کے لیے انھوں نے بائیبل کے ان اجزا کو موضوع بنایا تھا جو نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی شہادت دیتے ہیں۔ ماہنامہ ’’اشراق‘‘ کا زیر نظر شمارہ جناب عبدالستار غوری کی یاد میں خصوصی اشاعت کے طور پر شائع کیا گیا ہے۔ اس کے بیش تر مضامین ’’المورد‘‘ میں غوری صاحب کے رفقا اور احباب نے تحریر کیے ہیں۔ ان میں انھوں نے غوری صاحب کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے اور ان کے ساتھ بیتے ہوئے دنوں کی یادوں کو تازہ کیا ہے۔ اس شمارے میں ’’اشراق‘‘ کے باقاعدہ مصنفین کے ساتھ ساتھ بعض نئے لکھنے والوں کی تحریریں بھی شامل ہیں۔ گویا جس نے جس انداز میں بھی غوری صاحب سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا ہے، اسے قارئین کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ 

____________

B