ترمذی، رقم ۲۲۲۴کے مطابق روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من أہان سلطان اللّٰہ فی الأرض أہانہ اللّٰہ.
’’جس شخص نے زمین پر اللہ کے اقتدار کی توہین کی، اللہ ( آخرت میں ) اسے رسوا کرے گا۔‘‘
ترمذی کے علاوہ یہ روایت بعض اختلافات کے ساتھ درج ذیل مقامات پرنقل ہوئی ہے:
بیہقی ، رقم ۱۶۴۳۶۔ احمد بن حنبل، رقم ۲۰۴۵۰، ۲۰۵۱۳۔ مسند الطیالسی، رقم ۸۸۷۔
امام ترمذی نے اس روایت کو نقل کرنے کے بعد اس پر تبصرہ کیا ہے کہ یہ روایت حسن غریب ہے۔
بعض روایات مثلاً احمدبن حنبل، رقم۲۰۴۵۰ کے مطابق یہ روایت بعض اضافوں کے ساتھ اس طرح نقل ہوئی ہے:
من أکرم سلطان اللّٰہ تبارک وتعالٰی فی الدنیا أکرمہ اللّٰہ یوم القیامۃ ومن أہان سلطان اللّٰہ تبارک وتعالٰی فی الدنیا أہانہ اللّٰہ یوم القیامۃ.
’’جس نے دنیا میں اللہ تبارک وتعالیٰ کے اقتدار کی تکریم کی، اللہ قیامت کے دن اسے عزت بخشے گا اور جس نے دنیا میں اللہ تبارک وتعالیٰ کے اقتدار کی توہین کی، اللہ قیامت کے دن اسے رسواکرے گا۔‘‘
موجودہ دور میں علم حدیث کے ایک بڑے عالم ناصرالدین البانی صاحب نے اپنی بعض کتابوں ۱ میں اس روایت پر تبصرہ کرتے ہوے لکھا ہے کہ یہ حدیث صحیح کے درجے کی نہیں ہے، بلکہ یہ ضعیف یا حسن روایت ہے۔ان کی اس رائے کی وجہ یہ ہے کہ اس روایت کا ایک راوی زیاد بن کسیب غیر معروف ہے اور نقل روایت میں منفرد ہونے کی وجہ سے اس کی روایت قابل قبول نہیں ہے۔
اس روایت کی سند کے بارے میں علامہ البانی صاحب کے تبصرے کے بعد ہمیں اس بات پر اطمینان حاصل نہیں رہا کہ ہم یہ بات کہہ سکیں کہ یہ بات واقعتا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمائی ہوگی۔
تخریج : محمد اسلم نجمی
کوکب شہزاد
ترجمہ و ترتیب : اظہار احمد
—————
۱ ’’سلسلۂ احادیث ضعیفہ‘‘ ۳ / ۶۵۹، ’’سلسلۂ احادیث صحیحہ‘‘ ۵ / ۳۷۶۔
——————————