HomeQuranHadithMizanVideosBooksBlogs
مصنف : طالب محسن

ڈاکٹر اسرار احمد کی رحلت

برصغیر پر ایک زمانہ ایسا گزرا ہے جب اس کے بعض بڑے دماغ خلافت راشدہ کے احیا کا خواب دیکھ رہے تھے۔ اس خواب نے کچھ تحریکوں کو وجود بخشا۔ ان میں سے سب سے زیادہ طاقت ور تحریک مودودی صاحب مرحوم کی اٹھائی ہوئی جماعت اسلامی کی تحریک تھی۔

جماعت اسلامی نے ایک دینی تعبیر سے جنم لیا تھا۔ چنانچہ اس کے دشمن اور دوست سبھی اس تعبیر سے متاثر ہوئے۔ یہاں تک کہ مودودی صاحب کو گالی دینے والے بھی انھی اصطلاحات میں کلام کرنے لگے جن سے مودودی صاحب مرحوم سے پہلے کوئی واقف نہیں تھا۔ یہ مودودی صاحب کی غیر معمولی کامیابی ہے۔

جماعت اسلامی سے الگ ہونے والا شاید ہی کوئی ہو جو اس تعبیر کااس طرح علم بردار بن کر جیا ہو جیسے ڈاکٹر اسرار احمد جیے۔ بلکہ انھوں نے اس کی آنچ کو کچھ بلند ہی کیا۔ وہ غلبہ دین کے نعرے سے وابستہ ہوئے اور ساری زندگی اسی نعرے کو حقیقت بنانے میں صرف کردی۔ اس نعرے کو جتنے مجاہد میسر آئے ان میں سب سے بلند آہنگ ڈاکٹر اسرار ہی تھے۔ انھوں نے شب وروز یہی کام کیا۔ دین کا غلبہ فرض ہے۔ آؤ اس فرض کو ادا کرنے کے لیے میرے ناصر بن جاؤ۔

ڈاکٹر اسرار کی نمایاں خصوصیت قرآن سے وابستگی ہے۔ قرآن کی تعلیمات کو عام کرنے میں جو لگن انھوں نے ظاہر کی وہ کم لوگوں کا نصیب ہے۔ قرآن کا درس دینے میں جو محنت اور تسلسل انھوں نے دکھایا برصغیر کی تاریخ میں اس حوالے سے شاید سب سے نمایاں نام انھی کا ہو۔

ڈاکٹر اسرار احمد ایک صاحب کردار شخص تھے۔ دینی شخصیتوں کا ہمارے اس زمانے میں جو حال ہے اس کو سامنے رکھیں تو ڈاکٹر صاحب ایک بلند کردار شخصیت کے طور پر نمایاں ہوتے ہیں۔ جس چیز کو حق جانا بے خوف لومۃ لائم اس کے علم بردار بن کر جیے۔ اپنی بات ڈنکے کی چوٹ کہی اور اس کے نتیجے میں آنے والی مشکلات کی پروا نہیں کی۔ اپنے مقصد کے لیے جو قربانی دینی پڑی اسے دینے سے گریز نہیں کیا۔

یہ درست ہے کہ استاد محترم جناب جاوید احمد صاحب غامدی کے معاملے میں ان کا رویہ وہ نہیں تھا جو ان کی شخصیت سے مطابقت رکھتا ہو لیکن میں اسے ان کی ایک ناکامی سے زیادہ اہمیت نہیں دیتا۔ خدا انسان کے سب خیر سامنے رکھے گا۔ یقیناًان کے کردار کا خیر غالب اس کا حق رکھتا ہے کہ اس کمی کو اہمیت نہ دی جائے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کی حسنات قبول فرمائے۔ کوتاہیوں سے در گزر فرمائے اور انھیں ان کی مساعی کے اجر میں دین کے شہدا میں شمارکرے۔

_________________

B