حضرت ابوہریرہ (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے (ایک دفعہ)جمعہ کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:اس دن ایک ایسی گھڑی آتی ہے، جس میں اگر کوئی مسلمان بندہ نماز پڑھ رہا ہو اور وہ اللہ تعالیٰ سے کوئی چیز مانگے تو اللہ اسے وہ چیز ضرور عطا کرتا ہے اور آپ نے ہاتھ کے اشارے سے یہ بھی بتا دیا کہ وہ ساعت بہت مختصر ہوتی ہے۔ ۱۰۵
حضرت ابوہریرہ (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جمعہ کے دن کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:اس میں ایک گھڑی ایسی ہوتی ہے کہ جس کو مسلمان بندہ نماز کے دوران پالے، تو وہ اس میں اللہ سے جس چیز کا بھی سوال کرے گا، اللہ اسے وہ عطا فرما دے گا۔ ۱۰۶
حضرت ابوہریرہ (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ ابوالقاسم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جمعہ کے دن ایک ایسی گھڑی ہوتی ہے کہ اسے جو مسلمان بندہ نماز پڑھتے ہوئے پالے اور اس میں وہ اللہ سے کوئی سی بھی بھلائی مانگے تواللہ تعالیٰ اسے وہ عطا فرما دیتے ہیں۔ ۱۰۷
حضرت ابوبردہ بن ابوموسیٰ اشعری (رضی اللہ عنہ) کہتے ہیں کہ مجھ سے عبداللہ ابن عمر (رضی اللہ عنہ)نے کہا کہ کیا تو نے اپنے باپ سے جمعہ کی خاص گھڑی کی شان کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کوئی حدیث سنی ہے، انھوں نے کہا کہ ہاں، وہ کہتے تھے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ وہ گھڑی امام کے بیٹھنے سے لے کر نماز پوری ہونے تک ہے۔ ۱۰۸
_____
۱۰۵ (بخاری، رقم۹۳۵)۔
۱۰۶ (مسلم، رقم۱۹۶۹)۔
۱۰۷ (مسلم، رقم۱۹۷۰)۔
۱۰۸ (مسلم، رقم۱۹۷۵)۔
__________