صنفی عدم تسکین شخصیت کا توازن بگاڑ کر مجرمانہ ذہنیت پیدا کرنے کا بھی ایک اہم سبب ہے، بالخصوص عورتوں کے خلاف ہونے والے جرائم کا تو بنیادی سبب یہی ہے۔ ایک زمانہ تھا کہ صنفی ہراس (Sexual Harassment) کے لفظ سے ہماری سوسائٹی نا آشنا تھی مگر اب صورتحال بالکل مختلف ہے۔ گھر سے باہر نکلنے والی خواتین کو انتہائی تکلیف دہ حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ راہ چلتی عورت کو گھور کر دیکھنے سے لے کر گینگ ریپ جیسے گھناؤنے جرائم تک جو کچھ ہم اپنے اردگرد دیکھتے ہیں وہ سب صنفی عدم تسکین کے بیج سے پیدا ہونے والے شجرِ خبیث کے برگ و بار ہیں۔ ایسے واقعات پر کئے گئے متعدد سروے ہماری بات کی تصدیق کرتے ہیں۔ آغاز شباب میں ہی گھر گرہستی کی ذمہ داریوں میں بندھنے والے نوجوان سے ایسے معاملات میں پڑنے کی توقع کم ہی کی جا سکتی ہے۔
________