زرپرستی کا لازمی نتیجہ دولت کی غیر مساوی تقسیم ہے۔ جس کے نتیجے میں کچھ لوگ امیر سے امیر تر اور اکثریت غریب تر ہوتی چلی جاتی ہے۔ ایک غریب نوجوان جب خود کو بنیادی ضروریات سے بھی محروم اور دوسروں کے پاس مال کے انبار دیکھتا ہے تو اس میں مجرمانہ ذہنیت جنم لیتی ہے۔ اس کے اندر وہ احساسِ محرومی پیدا ہوتا ہے جو معاشرے میں ایک چور، ڈاکو اور بدعنوان شخص کو جنم دیتا ہے۔ یہی وہ لوگ ہیں جو معاشرے کا امن و سکون غارت کر دیتے ہیں۔ غربت کی ماری لڑکیاں جب اپنے گھروں سے نکلتی ہیں تو دولت کی چکا چوند انہیں حیا کے راستوں سے بھٹکا دیتی ہے۔ بعض کے پاس تو اس کے سوا کوئی راستہ نہیں بچتا کہ اپنا جسم بیچ کر اپنے خاندان کی ضروریات پوری کریں۔
بڑے بڑے عالیشان بنگلوں کی کثرت، چمکتی دمکتی گاڑیوں کا ازدحام اور خوش نما لباس پہنے خوشحال لوگوں کا نظارہ جب وہ غریب کرتے ہیں جنہیں جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنے کے لیے بھی وسائل دستیاب نہیں تو اس کے نتیجے میں ایک زبردست طبقاتی کشمکش جنم لیتی ہے۔ نفرت، غصہ اور انتقام کی یہ آگ آہستہ آہستہ سلگتی ہے اور ایک روز پورے معاشرے کو جلا کر خاکستر کر دیتی ہے۔
________