میں نہیں چاہتا کہ قارئین اور اس تحریر کے درمیان مزید رکاوٹ بنوں جو ان گنت لوگوں کی زندگیاں بدل چکی ہے۔ لیکن ایک دو گزارشات نظر ثانی کے حوالے سے عرض کرنی ہیں۔ پہلی یہ کہ قارئین کی آراء اور اپنے فہم کی روشنی میں نظر ثانی کے دوران متعدد چھوٹی بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ان میں سب سے اہم ناول کا اختتام ہے۔ اس کی وجہ بعض قارئین کی یہ رائے تھی کہ سابقہ اختتام پر ان کے یقین کی کیفیت قدرے کم ہوئی ہے۔ جبکہ میرا بنیادی مقصد ہی آخرت پر یقین پیدا کرنا تھا۔ نئے اختتام میں انشاء اللہ یقین کی یہ کیفیت برقرار رہے گی۔ جبکہ دوسرا سبب یہ ہے کہ ناول کا اگلا حصہ (Sequel) لکھنا میرے پیش نظر ہے۔ یہ اختتام اس پہلو سے بھی مددگار ثابت ہوگا۔
قارئین بہت سے سوالات پوچھتے رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایک مفصل تحریر لکھ کر ناول کی سائٹ Inzaar.org پر اپ لوڈ کردی گئی ہے۔ اسی طرح نظر ثانی شدہ ایڈیشن کا تفصیلی دیباچہ بھی قارئین وہیں ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ کتاب میں ان چیزوں کو شامل نہ کرنے کی وجہ ناول کی ضخامت اور نتیجتاً قیمت کواس ہوشربا مہنگائی کے دور میں بڑھنے سے روکنا ہے۔
آخر میں بعض باتیں کتاب کی اشاعت اور دستیابی کے حوالے سے عرض ہیں۔ یہ کتاب اب بہترین ممکنہ کاغذ پر شائع ہو رہی ہے۔ اس کا ڈیلکس ایڈیشن آرٹ پیپر پر جبکہ اسٹوڈنٹ ایڈیشن بھی پہلے سے بہتر کاغذ پر شائع کیا جارہا ہے، لیکن قیمت نہیں بڑھائی جارہی۔ کتاب کی دستیابی بھی ابھی تک مسئلہ بنی رہی ہے۔ مگر اب دنیا بھر کے قارئین گھر بیٹھے اس کتاب کو حاصل کرسکتے ہیں۔ جس کے لیے فون نمبر 0332-3051201 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پروردگار ہماری خطاؤں کو درگزر کرتے ہوئے اس کاوش کو قبول فرمائے، آمین۔
ابو یحییٰ
یوم العرفہ،1432 ہجری