عن عَبْدِ اللَّهِ قال حَلَقَ النبي صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَطَائِفَةٌ من أَصْحَابِهِ وَقَصَّرَ بَعْضُهُمْ. (بخارى، رقم 1729)
حضرت عبداللہ (بن عمر رضی اللہ عنہما) سے روايت ہے كہ (حج كے بعد) نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اكثر اصحاب نے سر منڈوایا تھا، لیکن بعض نے اپنے بال ترشوائے تھے۔
عن عَبْدِ اللَّهِ قال حَلَقَ رسول اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَحَلَقَ طَائِفَةٌ من أَصْحَابِهِ وَقَصَّرَ بَعْضُهُمْ قال عبد اللَّهِ إِنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قال رَحِمَ الله الْمُحَلِّقِينَ مَرَّةً أو مَرَّتَيْنِ ثُمَّ قال وَالْمُقَصِّرِينَ. (مسلم، رقم 3144)
حضرت عبداللہ (رضی اللہ عنہ) سے روايت ہے کہ (حج كے موقع پر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اور آپ کے صحابہ (رضی اللہ عنہم) میں سے ایک جماعت نے حلق کرایا (سر منڈایا) اور کچھ نے قصر كيا، یعنی اپنے بال کٹوائے۔ عبداللہ كہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک یا دو مرتبہ يہ دعا كى کہ اے اللہ، حلق کرانے والوں پر رحم فرما، پھر آپ نے كہا كہ اور قصر والوں پر بھی (رحم فرما)۔
عن أبي هُرَيْرَةَ رضي الله عنه قال قال رسول اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ اللهم اغْفِرْ لِلْمُحَلِّقِينَ قالوا وَلِلْمُقَصِّرِينَ قال اللهم اغْفِرْ لِلْمُحَلِّقِينَ قالوا وَلِلْمُقَصِّرِينَ قَالَهَا ثَلَاثًا قال وَلِلْمُقَصِّرِينَ. (بخارى، رقم 1728)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روايت ہے کہ (حج كے موقع پر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے يہ دعا كى كہ اے اللہ، سر منڈوانے والوں کی مغفرت فرما، صحابہ (رضی اللہ عنہم) نے عرض کیا: اور ترشوانے والوں كے ليے بهى (یہی دعا فرمائیے)، لیکن آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے (اس مرتبہ بھی) یہی دعا كى كہ اے اللہ،سر منڈوانے والوں کی مغفرت فرما، پھر صحابہ (رضی اللہ عنہم) نے عرض کیا: اور ترشوانے والوں كے ليے بهى! تیسری مرتبہ ميں آنحضرت (صلی اللہ علیہ وسلم )نے دعا كى: اور ترشوانے والوں کی بھی مغفرت فرما۔
عن أبي هُرَيْرَةَ قال قال رسول اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ اللهم اغْفِرْ لِلْمُحَلِّقِينَ قالوا يا رَسُولَ اللَّهِ وَلِلْمُقَصِّرِينَ قال اللهم أغفر لِلْمُحَلِّقِينَ قالوا يا رَسُولَ اللَّهِ وَلِلْمُقَصِّرِينَ قال اللهم اغْفِرْ لِلْمُحَلِّقِينَ قالوا يا رَسُولَ اللَّهِ وَلِلْمُقَصِّرِينَ قال وَلِلْمُقَصِّرِينَ. (مسلم، رقم 3148)
حضرت ابوہریرہ (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ (حج كےموقع پر) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے يہ دعا كى كہ اے اللہ،حلق کرانے والوں کی مغفرت فرما، صحابہ (رضی اللہ عنہم) نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اور قصر کرانے والے؟ آپ نے دعا كى كہ اے اللہ، حلق کرانے والوں کی مغفرت فرما، صحابہ نے عرض کیا: اے اللہ کے رسول، اور قصر کرانے والے؟ آپ نے دعا كى: اور قصر کرانے والوں کی بھی مغفرت فرما۔
________