سوال: کیا پیغمبروں کے علاوہ بھی کچھ ہستیاں ہیں جنھیں خدا کی طرف سے رہنمائی میسر ہوتی ہے؟ (عرفان)
جواب: قرآن مجید میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو خاتم النبیین کہا گیا ہے، اس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ اب اللہ تعالیٰ کی طرف سے دینی رہنمائی کا سلسلہ بند کیا جا رہا ہے۔ مراد یہ ہے کہ اب کسی شخص کو خدا کی طرف سے کسی دینی رہنمائی کے ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ جو لوگ اس طرح کے دعوے کرتے ہیں، ان کی بات بالکل بے بنیاد ہے اور وہ شیطان کے بہکاوے میں آئے ہوئے ہیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اسی حقیقت کو واضح کرتے ہوئے فرمایا تھا:
لم یبق من النبوۃ الا المبشرات. قالوا: وما المبشرات؟ قال: الرؤیا الصالحۃ.(بخاری، رقم۶۵۸۹)
’’ نبوت (یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف سے رابطے کے پہلو سے) مبشرات کے سوا کوئی چیز باقی نہیں رہی۔ لوگوں نے پوچھا: یہ مبشرات کیا ہیں؟ آپ نے فرمایا: اچھا خواب۔‘‘
اچھے خواب سے بھی دینی رہنمائی مراد نہیں لی جا سکتی، اس لیے کہ یہ معنی لینے کی صورت میں یہ روایت قرآن مجید کے خلاف چلی جائے گی۔
____________