HomeQuranHadithMizanVideosBooksBlogs
Author: Talib Mohsin

Please login for Bookmark , Comment or Highlight

ٹی وی کے دینی پروگرام

سوال: کیا ٹی وی پر قرآن کی تلاوت سننا غلط ہے؟ کیا ٹی وی پر آنے والے اسکالرز کو سننا غلط ہے، اس لیے کہ یہ لوگ صحیح عالم نہیں ہوتے؟ کیا عورتوں کے لیے آپ کا ٹی وی پروگرام دیکھنا ممنوع ہے؟ کھجور کی گٹھلیوں پر کوئی دعا پڑھنے کے بارے میں آپ کی راے کیا ہے؟ میں یہ سوالات اپنی والدہ کی وجہ سے کر رہا ہوں، میں ان میں سے کسی بات پر یقین نہیں رکھتا۔ (فاروق)

جواب: ٹی وی پر تلاوت سننے کے حوالے سے آپ نے اپنی والدہ کا استدلال بیان نہیں کیا۔ ممکن ہے وہ اسے قرآن کی تلاوت کے آداب کے منافی سمجھتی ہوں یا ٹی وی کے علی العموم ذریعۂ تفریح ہونے کی وجہ سے اسے اس قابل نہ سمجھتی ہوں کہ اس پر اللہ کی کتاب پڑھ کر سنائی جائے وغیرہ۔ بہرحال جب تک ان کے اعتراض کی وجہ معلوم نہ ہو، صحیح جواب دینا ممکن نہیں ہے۔ ہمارے نزدیک ٹی وی سے قرآن کی تلاوت سننے میں کوئی حرج نہیں ہے۔

ٹی وی پر آنے والے علما کے بارے میں آپ کی والدہ کا یہ تاثر کہ یہ صحیح عالم نہیں ہوتے، کسی بنا پر ہو گا۔ اس میں شبہ نہیں کہ بعض لوگ واقعۃً اس قابل نہیں ہیں کہ وہ دین پر کلام کریں، لیکن اپنی بولنے کی صلاحیت کی وجہ سے ٹی وی پروگرام کرتے ہیں۔ آپ کی والدہ کی یہ بات صحیح ہے کہ دین صحیح عالم ہی سے سیکھنا چاہیے۔ کسی معاشرے میں یہ بات جاننا زیادہ مشکل نہیں ہوتا کہ کسی عالم کا علمی مرتبہ کیا ہے۔

عورتوں کے لیے غامدی صاحب کا پروگرام دیکھنا جائز نہیں ہے، اس کی وجہ بھی آپ نے بیان نہیں کی۔ ممکن ہے پردے کے حوالے سے انھیں استاد محترم کا نقطۂ نظر ٹھیک نہ لگا ہو اور اس کی وجہ سے وہ یہ بات کہہ رہی ہوں، اگر سبب یہی ہے تو آپ انھیں سورۂ نور کی متعلقہ آیات ترجمے کے ساتھ پڑھا دیں۔ امید ہے ان کا اشکال دور ہو جائے گا۔

کھجور کی گٹھلیوں پر دعا پڑھنا، اگر محض قانونی بات کی جائے تو جائز ہے، لیکن اس کے پیچھے جو تصور کارفرما ہے، وہ ضرور درست ہونا چاہیے۔ ہمارے ہاں یہ تصور رائج ہے کہ مخصوص کلمات کے متعین تعداد میں ورد سے مخصوص مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔ بعض مسائل کے لیے ورد کی تعداد ہزاروں میں مقرر کی گئی ہے، اس طرح کی صورت کے لیے کھجورکی گٹھلیاں استعمال میں لائی جاتی ہیں۔ ہمارے نزدیک، اس تصور کی کوئی بنیاد قرآن وحدیث میں نہیں ہے۔

حدیث میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ’سبحان اللّٰہ‘، ’الحمد للّٰہ‘ اور’ اللّٰہ اکبر‘ کے گن کر پڑھنے کی تعلیم روایت ہوئی ہے، یعنی یہ بات جائز ہے کہ آپ گن کر اللہ تعالیٰ کا ذکر کریں۔ کوئی شخص یہ تعداد زیادہ بھی مقرر کر سکتا ہے، لیکن اس میں پیش نظر محض ذکر ہونا چاہیے۔ یہی وہ شکل ہے جس کے لیے میں نے ابتدا میں یہ بات بیان کی تھی کہ گٹھلیوں پر ذکر درست ہے۔

____________

B