سوال: قرآن کے مطابق مرد کا مرد کے ساتھ جنسی تعلق حرام ہے۔ کیا عورت کا عورت کے ساتھ جنسی تعلق بھی حرام ہے؟ کیا مرد عورت کی پچھلی شرم گاہ استعمال کر سکتا ہے؟ (محمد کامران مرزا)
جواب: جس وجہ سے مرد کا مرد سے جنسی تعلق حرام ہے، اسی وجہ سے عورت کا عورت سے جنسی تعلق بھی حرام ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جنسی تعلق کی ایک ہی صورت کو جائز قرار دیا ہے اور وہ یہ ہے کہ عورت اور مرد نکاح کے ذریعے سے ایک دوسرے سے یہ تعلق قائم کریں ۔ میاں بیوی کے علاوہ ہر صورت قرآن کے نزدیک بے حیائی، بدکاری اور نافرمانی ہے۔ ہم جنسی اللہ تعالیٰ کے سکھائے ہوئے طریقے سے انحراف ہے۔ اللہ کی بنائی ہوئی فطرت میں بگاڑ ہے اور اللہ کی دی ہوئی واضح شریعت کے بھی خلاف ہے۔ آپ کے سوال کا آخری حصہ جس فعل سے متعلق ہے، وہ بھی اپنی نوعیت میں اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی فطرت سے انحراف ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں واضح طور پر بیان کر دیا ہے کہ عورت سے جنسی تعلق اسی طرح قائم کرو جس طرح اللہ نے حکم دیا ہے۔ حکم سے مراد فطری طریقہ ہے جو انسان کو اچھی طرح معلوم ہے، اس سے انحراف کسی طرح جائز نہیں ہے۔
____________