آیۂ زیر بحث کی تالیف اور اس کے الفاظ کی تحقیق کے بارے میں مولانا محترم کے استدلال کی ساری ہی بنیادیں، اگرچہ محل نظر ہیں، تاہم برسبیل تنزل یہ سب اگر صحیح مان لی جائیں، تب بھی ہمارے نزدیک اس آیت سے وہ نتیجہ کسی طرح نہیں نکلتا جو مولانا محترم اس سے نکال رہے ہیں۔ قرآن مجید میں یہ آیت ایک خاص پس منظر میں نازل ہوئی ہے۔ اس کے مجموعی نظام میں اس کا ایک خاص موقع و محل ہے۔ سورۂ توبہ، سورۂ فتح اور سورۂ صف کے نظم میں اس کا ایک خاص مقام ہے۔ اس آیت کا سیاق و سباق اور اس کے جملوں کا دروبست، اس کا ایک خاص مفہوم متعین کر رہے ہیں اور یہ سب کچھ اس سے وہ نتیجہ اخذ کرنے میں پوری شدت کے ساتھ مانع ہے جسے مولانا محترم بیان فرما رہے ہیں۔
ان تمام پہلوؤں سے آیۂ زیر بحث کا تجزیہ کیجیے: