HomeQuranHadithMizanVideosBooksBlogs
Homepage
Author: Rafi Mufti

Please login for Bookmark , Comment or Highlight

زکوٰۃ کی رقم سے فلاحی کام

سوال: ہسپتال کی زمین خریدنے اور اس پر عمارت بنانے کے لیے ہمیں یہ بات تو واضح ہے کہ صدقے کی مد میں وصول ہونے والی رقم استعمال کی جا سکتی ہے، لیکن زکوٰۃ کی رقم شاید اس کے لیے استعمال نہیں کی جا سکتی؟ اگر یہ بات صحیح ہے تو کیا ہم زمین خریدنے اور عمارت بنانے  کے لیے زکوٰۃ کی رقم میں سے بطور قرض کچھ رقم لے سکتے ہیں؟نیز یہ بتائیں کہ کیا ہم زکوٰۃ کی رقم اپنی ’capital cost‘کے لیے استعمال کر سکتے ہیں؟ (ناصر مشتاق)

جواب: استاذ محترم غامدی صاحب کی تحقیق کے مطابق دین میں ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔ چنانچہ آپ صدقے کی رقم کی طرح زکوٰۃ کی رقم سے بھی زمین خرید سکتے اور اس پر عمارت بنا سکتے ہیں اور اسے ہسپتال کی چھوٹی بڑی سب ضروریات کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

زکوٰۃ کے مصارف ،یعنی زکوٰۃخرچ کرنے کی جگہوں کو خود قرآن مجید نے بیان کیا ہے۔ غامدی صاحب نے زکوٰۃ سے متعلق آیت کی شرح کرتے ہوئے قرآن کے بیان کردہ ان مصارف کو درج ذیل الفاظ میں واضح کیا ہے:

’’ زکوٰۃ کے مصارف سے متعلق کوئی ابہام نہ تھا۔ یہ ہمیشہ فقراومساکین اور نظم اجتماعی کی ضرورتوں ہی کے لیے خرچ کی جاتی تھی ، لیکن نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں جب منافقین نے اعتراضات کیے تو قرآن نے اُنھیں خود پور ی وضاحت کے ساتھ بیان کردیا ۔ارشاد فرمایا ہے:
اِنَّمَا الصَّدَقٰتُ لِلْفُقَرَآءِ، وَالْمَسٰکِینِ، وَالْعٰمِلِینَ عَلَیھَا، وَالْمُؤَلَّفَۃِ قُلُوْبُھُمْ، وَفِی الرِّقَابِ، وَالْغٰرِمِینَ، وَفِیْ سَبِیلِ اللّٰہِ ، وَابْنِ السَّبِیلِ، فَرِیضَۃً مِّنَ اللّٰہِ، وَاللّٰہُ عَلِیمٌ حَکِیمٌ. (التوبہ ۹: ۶۰)
’’ یہ صد قات تو بس فقیروں اورمسکینوں کے لیے ہیں، اور اُن کے لیے جو اِن پر عامل بنائے جائیں ، اوراُن کے لیے جن کی تالیف قلب مطلوب ہو، اور اِس لیے کہ گردنوں کے چھڑانے اور تاوان زدوں کی مد د کرنے میں ، راہ خدا میں اور مسافر وں کی بہبود کے لیے خرچ کیے جائیں۔ یہ اللہ کا مقرر کردہ فریضہ ہے اور اللہ علیم وحکیم ہے ۔‘‘
اِس آیت میں جو مصارف بیان کیے گئے ہیں، اُن کی تفصیل یہ ہے :
فقرا ومساکین کے لیے۔
العاملین علیھا ‘ ، یعنی ریاست کے تمام ملازمین کی خدمات کے معاوضے میں۔
المؤلفۃ قلوبھم ‘، یعنی اسلام اور مسلمانوں کے مفادمیں تمام سیاسی اخراجات کے لیے۔
فی الرقاب ‘ ، یعنی ہر قسم کی غلامی سے نجات کے لیے۔
الغارمین‘ ، یعنی کسی نقصان ، تاوان یا قرض کے بوجھ تلے دبے ہوئے لوگوں کی مدد کے لیے۔
فی سبیل اللّٰہ ‘ ، یعنی دین کی خدمت اورلوگوں کی بہبود کے کاموں میں۔
ابن السبیل‘ ،یعنی مسافروں کی مد داوراُن کے لیے سڑکوں ، پلوں ، سراؤں وغیرہ کی تعمیر کے لیے۔
... زکوٰۃ کے مصارف پر تملیک ذاتی کی جو شرط ہمارے فقہانے عائد کی ہے ، اُس کے لیے کوئی ماخذ قرآن وسنت میں موجود نہیں ہے ، اِس وجہ سے زکوٰۃ جس طرح فرد کے ہاتھ میں دی جا سکتی، اُسی طرح اُس کی بہبود کے کاموں میں بھی خرچ کی جاسکتی ہے ۔‘‘ (میزان ۳۵۱۔۳۵۲)

____________

B