سوال: ’Space shuttle‘ چالیس منٹوں میں زمین کے گرد ایک چکر پورا کر لیتی ہے، یعنی ان چالیس منٹوں کے بعد اس پر سورج دوبارہ طلوع ہو جاتا ہے، چنانچہ سوال یہ ہے کہ اس کے اندر رہنے والے دن بھر کی پانچ نمازیں ان چالیس منٹوں میں کیسے ادا کر سکتے ہیں؟(ندیم الحق)
جواب:یہ بات بہت غلط ہے کہ اگر ’Space shuttle‘ زمین کے گرد اپنا چکر چالیس منٹ میں طے کر لے گی تو ہم یہ کہیں گے کہ اس کے اندر رہنے والوں کی زندگی ان چالیس منٹوں ہی میں ایک دن کم ہو گئی ہے۔ چنانچہ ان پر یہ لازم ہے کہ وہ ان چالیس منٹوں ہی میں اپنی چوبیس گھنٹوں پر پھیلی ہوئی ساری ذمہ داریاں ادا کر لیا کریں۔
انسان اس زمین پر پیدا ہوا ہے۔ چنانچہ جب تک اس کے لیے وقت کی رفتار وہی رہے گی جو زمین پر ہے، اس وقت تک اس کا دن وہی ہو گا جو زمین کا دن ہے، نہ کہ چالیس منٹ وغیرہ۔
اس بات کو ایک دوسرے زاویے سے دیکھیں۔ آپ سہولت کے لیے یہ فرض کریں کہ سائنس نے بہت ترقی کر لی ہے اور اب ’Space shuttle‘ صرف ایک سیکنڈ میں زمین کے گرد ۳۶۵ چکر پورے کرنے لگ گئی ہے تو کیا اب انسان کی عمر ستر یا اسی سال کے بجاے ستر یا اسی سیکنڈ ہوا کرے گی۔
____________