​باب سوم یونس - النور قریش کو انذارنبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ماننے والوں کو غلبۂ حق کی بشارت اور اُن کا تزکیہ و تطہیر ​باب سوم یونس - النور ۱۰ —- ۲۴ یہ قرآن مجید کا تیسرا باب ہے۔ اِس میں ’یونس ‘ (۱۰) سے ’النور‘ (۲۴) تک پندرہ سورتیں ہیں ۔ اِن سورتوں کے مضامین سے معلوم ہوتا ہے کہ اِن میں سے پہلی چودہ سورتیں ام القریٰ مکہ میں اور آخری سورہ—- النور—- ہجرت کے بعد مدینہ میں نازل ہوئی ہے ۔ قرآن مجید کے دوسرے ابواب کی طرح یہ چیز اِس باب میں بھی ملحوظ ہے کہ یہ مکی سورتوں سے شروع ہوتا اور ایک مدنی سورہ پر ختم ہو جاتا ہے۔ اِس کے مخاطب اصلاً قریش مکہ ہیں۔ اہل کتاب کو اُنھی کے ضمن میں بعض موقعوں پر تنبیہ کی گئی ہے، اِس لیے کہ اِن سورتوں کے زمانۂ نزول میں وہ بھی قریش کی حمایت اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مخالفت کے لیے میدان میں آ چکے تھے۔ تزکیہ و بشارت کے مضامین میں ،البتہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ماننے والے بھی جگہ جگہ مخاطب ہوئے ہیں، بلکہ سورۂ طہٰ میں تمام تر خطاب آپ ہی سے کیا گیا ہے۔ اِس کا موضوع قریش کو انذار، نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے ماننے والوں کو سرزمین عرب میں غلبۂ حق کی بشارت اور اُن کا تزکیہ و تطہیر ہے، جس میں غلبۂ حق کی بشارت کا پہلو نمایاں ہے۔