Download Urdu Font

What are Collections?

Collections function more or less like folders on your computer drive. They are usefull in keeping related data together and organised in a way that all the important and related stuff lives in one place. Whle you browse our website you can save articles, videos, audios, blogs etc and almost anything of your interest into Collections.

saving...

saving...

Loading...

یہ کسب یا پیشہ نہیں ہے | اشراق
Font size +/-

یہ کسب یا پیشہ نہیں ہے



کہتے ہیں کہ کسی شخص نے ایک بادشاہ کے خلاف بغاوت کر دی اور اس سے اقتدار چھین کر اسے قید میں ڈال دیا۔قید کے دوران میں اس بادشاہ نے نئے حکمران سے درخواست کی کہ خواہ اسے کوئی سہولت نہ ملے، مگر بچوں کو پڑھانے کی اجازت مل جائے۔ نئے حکمران نے اس کی درخواست یہ کہہ کر مسترد کر دی کہ میں نے بڑی مشکل سے تم سے ایک سلطنت چھینی ہے۔ میں اب ایک دوسری سلطنت تمھارے حوالے کیسے کر دوں۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ ایک استاد کو اپنے شاگردوں پر کسی بادشاہ کی طرح اختیارات حاصل ہوتے ہیں۔ بلکہ یہ کہنا صحیح ہوگا کہ استاد کا اختیار بادشاہ سے بڑھ کر ہوتا ہے۔ کیونکہ ایک بادشاہ کا دائرہ اقتدار صرف جسم تک ہوتا ہے، مگر استاد کی پہنچ تو دل، دماغ اور روح تک ہوتی ہے۔
ایک بچے کی دنیا بہت محدود ہوتی ہے۔ اس دنیا میں گھر کے بعد درس گاہ کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ اسی طرح والدین کے بعد وہ جن لوگوں کا اثر سب سے زیادہ قبول کرتا ہے، وہ اس کے استاتذہ ہوتے ہیں۔ جس طرح والدین بننا ایک پیشہ ورانہ کام نہیں، اسی طرح تعلیم دینا بھی کوئی پیشہ نہیں۔ تعلیم دینا اصل میں قوم کی تعمیر میں حصہ لینا ہے۔ تعلیم وتربیت تو نبوت کا خاصہ ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’مجھے استاد بنا کر بھیجا گیا ہے۔‘‘ یہ حدیث بتاتی ہے کہ پڑھانا اور تعلیم دینا تو نبوت کے عظیم ترین خصائل میں سے ہے۔ جو لوگ دوسروں کو تعلیم دیتے ہیں ، وہ اصل میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مشن کی تکمیل کرتے ہیں۔ کسی شخص کی اس سے بڑی خوش قسمتی نہیں ہو سکتی کہ وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کام کو آگے بڑھائے اور بلاشبہ ایک استاد اس عظیم منصب پر فائز ہوتا ہے۔
ایک استاد کا کردار فرد اور قوم، دونوں کی زندگی میں بڑا غیر معمولی ہوتا ہے۔ ہر فرد اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ اساتذہ کی زیرنگرانی گزارتا ہے۔ بچپن اور جوانی کا یہ حصہ بلاشبہ اس کی زندگی کا بہترین حصہ ہوتا ہے جس میں اس کی شخصیت پایۂ تکمیل تک پہنچتی ہے۔اس کا ذہن ایک سادہ تختی کی مانند ہوتا ہے۔ اساتذہ کے پاس دس پندرہ سال کا موقع ہوتا ہے کہ وہ جو چاہیں اس تختی پر لکھ ڈالیں۔ وہ چاہیں تو اس شخص کو ایک بہترین انسان بنا سکتے ہیں۔ وہ چاہیں تو معاشرے کو ایک دیانت دار، محنتی، بااخلاق اور باکردار شخص دے سکتے ہیں۔ تاہم ان کے لیے یہ بھی ممکن ہوتا ہے کہ وہ اس خالی ذہن پر بدکرداری کی سیاہی مل دیں۔ کوئی بھی استاد ایسا جان بوجھ کر نہیں کرتا۔ ایک استاد کسی طالب علم کو صرف اس وقت برا بناتا ہے جب وہ اس کے سامنے ایک برا کردار پیش کر دے۔ جب طلبا کے سامنے ایک غیرذمہ دار، مفاد پرست اور بے کردار شخص استاد کے روپ میں آتا ہے تو اسے بچوں کو بگاڑنے کے لیے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اسے دیکھ کر اس کے طلبا خود بخود ویسے ہی ہو جاتے ہیں۔
فرد کے ساتھ ساتھ قومی زندگی میں بھی اساتذہ کی غیر معمولی اہمیت ہوتی ہے۔آج کل قوموں کا عروج وزوال اس بات سے وابستہ ہے کہ وہ علم وہنر میں کتنا آگے ہیں۔ یہ اساتذہ کی محنت اور توجہ ہوتی ہے جو کسی قوم میں اعلیٰ اذہان پیدا کرتی ہے۔ ہر بڑا سائنس دان، عالم، قائد اور عبقری(Genius)کبھی نہ کبھی ایک طالب علم رہا ہوتا ہے جہاں اس کا استاد وہ بنیاد رکھ دیتا ہے جس کی بنا پر ملک وقوم کو ایک مفید اور کارآمد شخص میسر آجاتا ہے۔
استاد بننا ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ ایک استاد اگر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتا اور دوسرے پیشوں کی طرح اسے صرف ایک پیشہ سمجھتا ہے تو گویا وہ سوسائٹی کی بنیادیں کھوکھلی کرتا ہے۔ایسا کرنے والے لوگ ایک روز خود بھی شدید نقصان اٹھاتے ہیں، کیونکہ انھیں رہنا اسی معاشرے میں ہے۔ معاشرے کا نقصان آخر کار ان کا بھی نقصان ثابت ہوتاہے۔
مختصر یہ ہ اچھے اساتذہ حقیقی معنوں میں ملک وقوم اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ یہ وہ خاموش مجاہد ہیں جن کی خدمات کا بدلہ اس دنیا میں دیا جانا ممکن نہیں۔ قیامت کے دن جب سب کچھ جاننے والاعلیم وخبیر انصاف کے تخت پر بیٹھے گا تو جن لوگوں کو اس کی باگاہ سے سب سے زیادہ رحمتیں اور درجات نصیب ہوں گے، ان میں سے ایک گروہ اساتذہ کا بھی ہوگا۔ اس لیے کہ ہر کسی کا عمل اس کی ذات کے ساتھ ختم ہو گیا تھا، مگر استاد کا عمل نسل درنسل اور انسان در انسان بڑھتا چلا گیا۔
استاد بننا پیشہ نہیں ہے۔ استاد بننا بڑی ذمہ داری کی بات ہے۔ استاد بننا ایک بڑی خوش نصیبی کی بات ہے۔

____________




 Collections Add/Remove Entry

You must be registered member and logged-in to use Collections. What are "Collections"?



 Tags Add tags

You are not logged in. Please login to add tags.


Join our Mailing List