نکاح کا رشتہ انسانی معاشرت کا نقطۂ آغاز ہے جس میں ایک مرد و عورت مل کر معاشرے کا بنیادی یونٹ یعنی خاندان بناتے ہیں۔ یہ رشتہ اپنے اندر فرد اور معاشرے کی اتنی ضرورتوں کا جواب لیے ہوئے ہے کہ بلاشبہ اسے اللہ تعالیٰ کی عظیم ترین نعمتوں میں سے ایک قرار دیا جا سکتا ہے۔ مگر نوجوانوں بالخصوص لڑکیوں کے لیے موزوں رشتوں کا نہ ملنا آج ہر گھر کا مسئلہ بن چکا ہے۔ نتیجتاً ایک ایسا اضطراب وجود میں آیا ہے جس نے معاشرے کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ضروری ہے کہ اس مسئلے کا حقیقت پسندانہ انداز میں جائزہ لیا جائے تا کہ اصلاحِ احوال کی صورت سامنے آ سکے۔