المورد تعارف
المورد ملت اسلامیہ کی عظیم علمی روایات کا امین ایک منفردادارہ ہے۔ پندرھویں صدی ہجری کی ابتدا میں * یہ ادارہ اِس احساس کی بنا پر قائم کیا گیاہے کہ تفقہ فی الدین کا عمل ملت میں صحیح نہج پر قائم نہیں رہا۔ فرقہ دارانہ تعصبات اور سیاست کی حریفانہ کشمکش سے الگ رہ کر خالص قرآن و سنت کی بنیاد پر دین حق کی دعوت مسلمانوں کے لیے اجنبی ہو چکی ہے۔ قرآن مجیدجو اِس دین کی بنیاد ہے، محض حفظ و تلاوت کی چیز بن کر رہ گیا ہے۔ دینی مدرسوں میں وہ علوم مقصودبالذات بن گئے ہیں جو زیادہ سے زیادہ قرآن مجید تک پہنچنے کا وسیلہ ہو سکتے تھے۔ حدیث، قرآن و سنت میں اپنی اساسات سے بے تعلق کر دی گئی ہے اور سارا زور کسی خاص مکتب فکر کے اصول و فروع اور دوسروں کے مقابلے میں اُن کی برتری ثابت کرنے پر ہے۔
المورد کے نام سے یہ ادارہ اِس صورت حال کی اصلاح کے لیے قائم کیاگیا ہے۔ چنانچہ اِس ادارے کا بنیادی مقصد دین کے صحیح فکر کی تحقیق و تنقید، تمام ممکن ذرائع سے وسیع پیمانے پر اُس کی نشرو اشاعت اور اُس کے مطابق لوگوں کی تعلیم وتربیت کا اہتمام ہے۔
اِس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے جو طریق کار اختیار کیا گیا ہے، اُس کے اہم نکات یہ ہیں:
۱۔ دین کے صحیح الفکر علما اور محققین کو ادارے سے متعلق کیا جائے اور اُنھیں ادارے کی طرف سے یا خود اُن کی تجویز پر علمی اور تحقیقی منصوبے تفویض کیے جائیں۔
۲۔ دور حاضر میں ابلاغ کے جو غیرمعمولی ذرائع پیدا ہو چکے ہیں، اُنھیں کام میں لا کر دین کے صحیح فکر کی تعلیم دی جائے اور اُسے پوری دنیا میں عام کیا جائے۔
۳۔ قرآن مجید کی اساس پر انذار عام اور تطہیر فکر و عمل کی ایک ایسی تحریک برپا کی جائے جو قوم کے ذہین عناصر کو اِس دعوت سے متعلق کرنے کی جدوجہد کرے۔
۴۔ لوگوں کو آمادہ کیا جائے کہ جہاں جہاں ممکن ہے:
ا۔اسلامی علوم کی ایسی درس گاہیں قائم کریں جن کا مقصد دین کے صحیح الفکر علما اور محققین تیار کرنا ہو۔
ب۔ایف اے، ایف ایس سی اور اے لیول تک نہایت اعلیٰ معیار کے اسکول قائم کریں جن میں تعلیم و تعلم کے ساتھ طالب علموں کی تخلیقی صلاحیتوں کی نشوونما اور اُن کی دینی اور تہذیبی تربیت بھی پیش نظر ہو۔
ج۔ عام اسکولوں کے طلبہ کی دینی تعلیم کے لیے ایسے ہفتہ وار مدارس قائم کریں جن میں قرآن کی دعوت خود قرآن ہی کے ذریعے سے طالب علموں کے ذہن میں اِس طرح راسخ کر دی جائے کہ بعد کے زمانوں میں وہ پورے شرح صدر کے ساتھ اپنے دین پر قائم رہ سکیں۔
د۔ ایسی خانقاہیں قائم کریں جہاں لوگ وقتاً فوقتاً اپنے دنیوی معمولات کو چھوڑ کر آئیں، علما و صالحین کی صحبت سے مستفید ہوں، اُن سے دین سیکھیں اور چند روز کے لیے یک سوئی کے ساتھ ذکر و عبادت میں مشغول رہ کر اپنے لیے پاکیزگیِ قلب و نظر کا اہتمام کریں۔
المورد کا نظم اُس کے ارکان کی منتخب کردہ مجلس منتظمہ (Board of Governors) کے سپرد ہے۔ ادارے کا نظام جمہوری اصولوں پر قائم ہے ۔ صدر ادارہ کی حیثیت اُس کے علمی اور فکری رہنما کی ہے اور انتظامی امور سیکرٹری جنرل انجام دیتا ہے۔
المورد سوسائٹی ایکٹ (1860)کے تحت ایک غیر حکومتی اور غیر کاروباری ادارے (Non-Profit NGO) کی حیثیت سے رجسٹرڈ ہے۔ اِسے دی جانے والی اعانت انکم ٹیکس سے مستثنیٰ ہے اور یہ اُن سب لوگوں سے جو اِس کے مقاصد سے متفق ہیں، تعاون کی توقع رکھتا ہے۔
لاہور
Al-Mawrid Lahore P.O Box 5185 Lahore
کراچی
3rdفلور سنو وائٹ سنٹر عبداللہ ہارون روڈ صدر 74400
فون 5212676 21 92+ , 5212682 21 92+ ۔ فیکس +92 5686802 21 92+
www.al-mawrid.org http://www.tv-almawrid.org
.(JavaScript must be enabled to view this email address) .(JavaScript must be enabled to view this email address)





{comment_total} Comments