ہم پہلے باب میں قوموں کی زندگی میں آنے والے مختلف مراحل کو بالتفصیل بیان کرچکے ہیں۔ ہمارے نزدیک قومی ترقی کا لائحۂ عمل درست طور پر تجویز کرنے کے لیے ضروری ہے کہ یہ حتمی طورپر معلوم ہو کہ قوم اپنی زندگی کے کس مرحلہ میں ہے۔ پاکستانی قوم کے معاملے میں اس چیز کا جاننا بہت مشکل نہیں، کیونکہ پاکستانی قوم ایک جدید تاریخی قوم ہے۔ تاریخی قوم سے ہماری مراد ایک ایسی قوم ہے جوتوالد و تناسل کے فطری طریقے کے بجاے تاریخی عوامل کے نتیجے میں ، مختلف گروہوں کے ملاپ سے وجود میں آتی ہے۔ دوسری چیز جو اس ضمن میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے ، وہ یہ ہے کہ قوم کے اجتماعی مزاج کا تجزیہ کیا جائے۔اس کے فاسد عناصر کی بیخ کنی کی جائے اور صالح عناصر کو فروغ دیا جائے۔اس مختصر کتاب میں ممکن نہیں کہ ہم اس خطے کی تاریخ کو تفصیل کے ساتھ بیان کریں ، اس لیے ہم تاریخی تفصیل کے بجاے تاریخی پس منظر کی روشنی میں ہندوستان کی مسلم قومیت کے ارتقا اور اس کے اجتماعی مزاج کے اہم عناصر بیان کریں گے۔ اس بحث کی تفہیم کے لیے بہتر ہوگا کہ قومی زندگی کے مراحل کی اس تفصیل کو ذہن میں تازہ کرلیجیے جسے ہم نے کتاب کے آغاز میں بیان کیا ہے۔

____________